لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 14 لیڈی ڈاکٹرز سمیت 24 افراد کرونا کا شکار

0
66

پشاور: لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 14 لیڈی ڈاکٹرز سمیت 24 افراد کرونا کا شکار ،اطلاعات کے مطابق پاکستان میں‌کرونا وائرس اپنی تباہ کاریوں میں پوری طرح متحرک ہے اور اطلاعات کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں 14 لیڈی ڈاکٹرز سمیت 24 افراد کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 14 لیڈی ڈاکٹرز اور اسٹاف کے 10 ارکان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔پروانشل ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اسپتال کا گائنی بلاک فی الفور 14 دن کے لیے بند کیا جائے اور ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کے مطابق ڈس انفیکٹ کرکے کھولا جائے۔

ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا کہ تمام ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکس، اوٹی ودیگر اسٹاف کو آئیسولیٹ کیا جائے، 20 اپریل کے بعد گائنی وارڈ میں آئے مریضوں کا ڈیٹا محکمہ صحت کو دیا جائے۔پراونشل ڈاکٹرز نے کہا کہ تمام ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، اوٹی ودیگر اسٹاف کے سیمپلز لے کر ٹیسٹ کیے جائیں، وارڈز دوبارہ کھولنے سے پہلے ڈاکٹرز، دیگر ملازمین کو حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں۔

واضح رہے کہ پشاور میں 24 گھنٹوں میں کرونا سے مزید 11 افراد جاں بحق ہوگئے، خیبرپختونخوا میں کرونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 172 ہوگئی۔محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید 108 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی، پشاور میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 907 ہوگئی جبکہ وائرس سے متاثرہ 728 مریض صحت یاب ہوئے۔

یاد رہے کہ 25 اپریل کو ملک بھر میں 26 ڈاکٹرز، 5 نرسیں کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئی تھیں، اسپتال کے دیگر 18 ملازمین میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

Leave a reply