لاہور:بارشوں نے لاہور میں تباہی مچا دی، مسلسل 17 گھنٹے ہونے والی بارش کے باعث سڑکیں اور نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ موسلا دھار بارش نے سڑکیں، گلیاں اور نشیبی علاقوں میں ہر طرف پانی ہی پانی کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بارش کی وجہ سے سمن آباد، گلبرگ، شاہدرہ اور شام نگر سمیت دیگر علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہے اور گاڑیاں بند ہونے سے ٹریفک جام ہے۔شدید بارش کے باعث معمولات زندگی اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب شہر میں چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں بچی جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوئے ہیں، بچی کی ہلاکت کا واقعہ بادامی باغ کے علاقے میں پیش آیا۔ لیسکو کے 250 سے زائد فیڈر متاثر ہوئے اور 160 فیڈرز سے شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ 35 فیڈر احتیاطی طور پر بند کیے گئے۔

سب سے زیادہ 250 ملی میٹر بارش لکشمی چوک میں ریکارڈ کی گئی، پانی والا تالاب میں 213 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارش کا یہ سلسلہ صبح تک جاری رہے گا، بدھ کو ہلکی پھلکی اور جمعرات کو پھر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

Shares: