نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 17 رکنی پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا
بابراعظم کی قیادت میں اعلان کردہ ٹیم میں دو نئے کھلاڑیوں عثمان خان اور عرفان خان نیازی کی شمولیت ہوئی ہے،عثمان دو سال سے پی ایس ایل میں شاندار پرفارمنس دے رہے ہیں،21سالہ عرفان خان نیازی ڈومیسٹک کرکٹ اور پی ایس ایل میں شاندار پرفارمنس پر ٹیم میں شامل ہیں،عماد وسیم اور محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے،پانچ ریزرو کھلاڑی بھی سیریز میں شامل ہیں
محمد رضوان، ابرار احمد، افتخار احمد، صائم ایوب، نسیم شاہ، زمان خان، اعظم خان نیوزی لینڈ کے خلاف اسکواڈ کا حصہ ہیں،سینئر ٹیم منیجر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ اس سیریز میں حارث رؤف دستیاب نہیں ہوں گے وہ انگلینڈ کے لیے سیریز میں دستیاب ہوسکتے ہیں،اس سیریز میں روٹیشن پالیسی کے تحت زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا تاکہ مضبوط کامبی نیشن تیار ہوسکے، سیریز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہے،عماد وسیم اور محمد عامر میں میچ وننگ صلاحیتیں موجود ہیں، آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ سیریز بہت اہم ہے
عرفان نیازی کا کہنا ہے کہ پہلی بار پاکستان ٹیم میں شامل ہونے کی خوشی ہے، پوری توجہ بہترین پرفارمنس پر ہوگی، ملنے والے موقع سے پورا پورا فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔عثمان خان کا کہنا ہے کہ اس بات کی خوشی ہے کہ سلیکٹرز نے مجھے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں موقع دیا ہے، کسی بھی کھلاڑی کے لیے یہ فخر کی بات ہوتی ہے کہ وہ ملک کی نمائندگی کرے۔
قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے کوچنگ پینل کا اعلان کردیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ پینل میں سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہرمحمود کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، اظہرمحمود اس سے قبل پاکستان ٹیم کے بالنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ جبکہ وہاب ریاض سینئر ٹیم منیجر اور منصور رانا ٹیم منیجر ہونگے۔اس کے علاوہ سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد یوسف کو بیٹنگ کوچ اور سعید اجمل کو اسپن بالنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے
خیال رہے کہ 5میچز کی سیریز 18 سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی، نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی۔