29 اپریل آٹا، چینی چوروں کے بھی احتساب کا دن ہوگا،ڈاکٹر مفتاح اسماعیل

0
48

پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے رہنما NA-249 کے امیدوار ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ یوں تو پورے کراچی شہر کا کوئی پرسان حال دکھائی نہیں دیتا لیکن اس حلقے کا حال بہت ہی قابلِ رحم ہو چکا ہے جہاں موجودہ وفاقی، صوبائی اور کراچی کی میٹروپولیٹن حکومت نے اپنی بے پناہ کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے پورے شہر کو کچرے کا ڈھیر اور کھنڈر بنا دیا ہے۔وہ بلدیہ ٹاؤن کی یونین کونسل نمبر 35 میں دہلی برادری کی جانب سے منعقد کی گئی کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس کارنر میٹنگ میں دہلی برادری کے چیئرمین سعید خان، صدر محمد سلیم، لیگل ایڈ کمیٹی کے چیئرمین عبد المتین، سہیل احمد کے علاوہ مسلم لیگی رہنما ناصر الدین محمود، نعیم کامران، محمد اکرم، محسن جاوید، حاجی صالحین، ندیم اختر آرائیں ،دین محمد لغاری، ملک شیر احمد اعوان، نوشاد اختر اور محمد عارف حسین نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم نے کراچی کے لیے دو مرتبہ پیکیج کا اعلان تو ضرور کیا جس کے تحت پہلی بار 165 ارب اور دوسری مرتبہ 1100 ارب دیئے جانے تھے لیکن افسوس کہ اس میں سے ایک دھیلہ بھی کراچی کو نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ٹیکس ریونیو میں سب سے زیادہ حصہ ادا کرنے والے شہری صاف پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور یہاں کے نمائندے اپنے ذاتی مفادات کے حصول اور اس کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور شہریوں کو لوٹنے والوں اور انہیں ان کی قسمت کے رحم و کرم پر چھوڑنے والوں کو علاقے کے عوام 29 اپریل کو مسترد کرکے اپنا حساب برابر کریں گے۔ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 29 اپریل آٹا، چینی چوروں کے بھی احتساب کا دن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن) عوام کی خدمت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ( ن) نے اپنے دور حکومت میں وفاقی بجٹ سے کراچی کو اربوں روپے کے کئی منصوبے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم منتخب ہو کر کراچی کو اس کا جائز حصہ دلوائیں گے جو اس شہر کا حق ہے۔ مسلم لیگ ( ن) کو کامیاب کروانے کے لیے سب اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

Leave a reply