ہری پور۔ (اے پی پی) سانحہ تربیلہ جھیل کو تین ماہ بیت جانے کے باوجود بھی پانی کی نذر ہونے والے 18 مسافروں کی نعشیں نہ مل سکیں، شہید ہونے والے افراد کے گھروں میں تاحال سوگ کی فضاء طاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق تین ماہ قبل تربیلا جھیل میں تورغر سے ہری پور آنے والی بدنصیب کشتی تھانہ ناڑہ آمازئی کی حدود میں پانی کی تیز لہروں کی نذر ہو کر الٹ گئی جس میں سوار 8 مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت جانیں بچا لیں تاہم دیگر 18 مسافر پانی میں بہہ گئے جن کی نعشیں ریسکیو آپریشنز کے باوجود بھی نہیں نکالی جا سکیں۔ شہداء کے لواحقین آج بھی صدمہ سے نڈھال ہیں اور انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے پیاروں کی نعشوں کو تلاش کیا جائے تاکہ وہ انہیں اپنے ہاتھوں سے دفنا سکیں۔

Shares: