پاکستان کے معروف اور مزاحیہ اداکار امان اللہ کی آج تیسری برسی منائی جا رہی ہے ، امان اللہ 6 مارچ 2020 کو خالق حقیقی سے جاملے تھے ، انتقال سے قبل وہ کچھ عرصہ بیمار رہے. امان اللہ نے 4 دہائیوں تک مسلسل شائقین کے دلوں پر راج کیا. انہوں نے 1976 میں پہلی دفعہ اسٹیج پر کام کیا اس کے بعدان کی کامیابیوں کا نہ رکنے والا سلسلہ چل نکلا .انہوں نے سٹیج پر ڈرامے کو نئی جہتوں سے متعارف کروایا. ان کی کامیڈی کی ٹائمنگ ایسی تھی کہ انہیں کوئی مات نہیں دے سکتا تھا. امان اللہ نے نا معلوم افراد اور ون ٹو کا ون میں بھی کام کیا. ان کی جوڑی مستانہ ،
سہیل احمد ، ببو برال کے ساتھ بہت زیادہ سراہی گئی. امان اللہ نے عالم لوہار کے ساتھ بھی پرفارم کیا. ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2018 میں صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔امان اللہ نے انڈیا جا کر بھی پرفارم کیا اور خوب داد سمیٹی. امان اللہ بہت سارے فنکاروں کے رول ماڈل تھے انہیں دیکھ کر کئی آرٹسٹوں نے سٹیج کا رخ کیا اور کامیابیاں حاصل کیں. امان اپنی ذات میں اداکاری کا ایک مکمل ادارہ تھے. آخری دنوں میں وہ پھیپھڑوں اور دل کے عارضے میں مبتلا ہو گئے تھے.