کوئٹہ میں کار پر فائرنگ سے4 افراد جاں بحق

0
54

کوئٹہ :کوئٹہ میں کار پر فائرنگ سے4 افراد جاں بحق،اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کار پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ سریاب کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے کار کو نشانہ بنایا، ملزمان نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

گاڑی میں سوار ایک اور شخص شدید زخمی ہوا ہے جسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز اس کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے تاہم اس حوالے سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور گولیوں کا نشانہ بننے والی گاڑی کو تحویل میں لے لیا ہے۔ فوری طور پر جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہو سکی۔

اس سے پہلےڈیرہ بگٹی میں موندرانی مٹ کے قریب دھماکے میں لیویز کے 4 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ لیویز اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔

لیویز حکام کے مطابق گزشتہ رات موندرانی کے علاقے میں سولر سسٹم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی، لیویز اہلکار تحقیقات کیلئے پہنچے تو دھماکا ہوگیا۔

سینیٹر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ شہید افراد میں ان کا کزن بھی شامل ہے، بلوچ ری پبلکن آرمی کے دہشت گرد حملے میں ملوث ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ حملے میں میرے کزن سمیت 4 افراد شہید ہوئے، حکومت مذاکرات کے نام پر ہم سے مذاق کر رہی ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سے پوچھتا ہوں کہ کیوں ہمیں دہشت گردوں کے آگے پھینک دیا ہے، لوگوں کی مدد کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

Leave a reply