پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے غزہ پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے معاہدہ توڑ کر غزہ پر وحشیانہ حملہ کیا، حماس ترجمان سمیت دیگر قیادت کی اسرائیلی حملے میں شہادت امت مسلمہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے. امریکی شہہ پر اسرائیل رمضان میں بھی فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ، ایک دن میں چار سو سے زائد شہادتیں اور دوسری طرف امت مسلمہ کے حکمران صرف مذمتی بیان دے رہے ہیں. پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہمیشہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی رہے گی اور ہر سطح پر ان کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری، نائب صدر حافظ طلحہ سعید، جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک نے خدمت کا رمضان مہم کے تحت افطار پروگرام سے خطاب کرتےہوئے کیا،سیف اللہ قصوری کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں جنگ ہار چکا ،جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد اسرائیلی وزیراعظم امریکی شہہ پر دھمکیاں دے رہا ہے. فلسطینی عوام نے آزادی کے لئے قربانیاں دی ہیں. فلسطین جلد آزاد ہو گا قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ 15 ماہ کی جنگ کے بعد اسرائیل نے جنگ بندی کی بھیک مانگی ۔ وسائل کی کمی کے باوجود ایمان کے جذبے کے ساتھ اسرائیل کو ناکوں چنے چبوائے گئے۔یہ تبدیلی پوری دنیا نے دیکھی کہ امریکہ بھی اسرائیل کو جھکنے سے نہ بچا سکا.
حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے امریکی شہہ پر جنگ بندی توڑی، رمضان میں فلسطینی مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے،اسرائیلی مظالم کے خلاف امت مسلمہ کو بھر پور کردار کرنے کی ضرورت ہے.اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو شکست ہو گی، اگر مسلم دنیا متحد ہو کر اسرائیل کے خلاف عملی قدم اٹھائے تو فلسطینی عوام کو ظلم و ستم سے نجات مل سکتی ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہمیشہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی رہے گی اور ہر سطح پر ان کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔
قاری محمد یعقوب شیخ،حافظ خالد نیک کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے معاہدہ توڑ کر غزہ پر وحشیانہ حملہ کیا، اسرائیل نے جس طرح غزہ میں اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے، وہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بے گناہ بچوں، خواتین اور بزرگوں کی شہادت پر عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ ہے،پاکستان مرکزی مسلم لیگ فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گی اور اسرائیلی مظالم کو ہر فورم پر بے نقاب کرے گی۔