فیصل آباد میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی طرف سے 15 ہزار پودے لگائے گئے

0
47

فیصل آباد(عثمان صادق) وزیراعظم کے ٹین بلین ٹری منصوبے کے تحت پلانٹ فار پنجاب ڈے کے موقع پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام فیصل آباد میں ایک روز میں 15ہزار سے زائدپودے لگائے گئے۔اس ضمن میں مرکزی تقریب سمندری روڈ پر گرین بیلٹ میں منعقد ہوئی۔ڈویژنل کمشنر ثاقب منان،ڈپٹی کمشنر محمد علی،ارکان اسمبلی فیض اللہ کموکا،شیخ خرم شہزاد،چوہدری لطیف نذر،میاں وارث عزیز،فردوس رائے،ڈی جی پی ایچ اے عاصمہ اعجاز چیمہ،صدروومن چیمبر آف کامرس تہمینہ پاشا،سینئر نائب صدر شاہدہ آفتاب،نائب صدر روبینہ شفیق،گروپ لیڈر روبینہ امجد نے افسران،سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طالبات کے ہمراہ بیک وقت 7 ہزار پودے لگائے جبکہ کلیم شہید پارک نڑوالا روڈ،ملت ٹاؤن اے بلاک گرین بیلٹ،رکھ برانچ کنال کی اطراف ودیگر مقامات پربھی پودے لگانے کا ہدف حاصل کیا گیا۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ماحول کو آلودگی سے بچانے اور آئندہ نسل کو خوشگوار وسرسبزوشادابی فراہم کرنے کے لئے درختوں کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے اسی مقصد کے لئے ٹین بلین ٹری منصوبہ کے تحت پلانٹ فار پنجاب ڈے کے موقع پر وسیع شجرکاری کی جارہی ہے۔انہوں نے قومی اہمیت کے پروگرام میں طالبات سمیت تمام طبقات کی بھرپور شرکت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ شجرکاری مہم پر ایک جذبے کے تحت اقدامات جاری ہیں اور تروتازہ ماحول کے لئے ڈویژنل انتظامیہ کاوشیں جاری رکھے گی۔انہوں نے پلانٹیشن مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور گرین بیلٹ کو کوڑا کرکٹ سے پاک کرکے ماحول دوست بنانے پر ڈی جی پی ایچ اے کی کاوشوں کو سراہا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پلانٹ فار پنجاب ڈے منانے کا مقصد شہریوں کو دستیاب جگہوں پر زیادہ سے زیادہ قدآور پودے لگانے کو ترغیب دینا ہے۔انہوں نے پی ایچ اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لگائے جانیوالے پودوں کی دیکھ بھال بھی یقینی بنائی جائے تاکہ پودے پروان چڑھیں اور ماحول خوشگوار نظر آئے۔انہوں نے بتایا کہ پی ایچ اے کے اشتراک سے شہر میں 20 مقامات پر میاواکی جنگل بھی لگائے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں شجرکاری مہم پر عملدرآمد جاری رہے گا اور حکومتی وژن کے تحت اہداف حاصل کریں گے۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم کا 10۔ارب پودے لگانے کا منصوبہ انقلابی اقدام ہے جس پر تیز رفتاری سے عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے ضلع بھر میں شجرکاری مہم پر عملدرآمد کے سلسلے میں پی ایچ اے ودیگر محکموں کے اقدامات کو سراہا۔ ڈی جی پی ایچ اے نے بتایا کہ پلانٹ فار پنجاب ڈے کو حکومتی ہدایات پر مناکر ریکارڈ پودے لگائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ پلانٹیشن مہم پر بھرپور انداز میں عملدرآمد جاری اور پارکوں،گرین بیلٹس میں شجرکاری کے ساتھ میاواکی جنگل لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ شجرکاری مہم میں چیمبر آف کامرس،گرل گائیڈ،سکولوں کی طالبات،علماء کرام،اقلیتی برداری سمیت تمام طبقات کو یکجا کیا گیا جبکہ ڈویژنل وضلعی انتظامیہ اور ارکان اسمبلی کی بھی بھرپور معاونت کے مشکور ہیں جن کی رہنمائی میں شجرکاری مہم کے بقیہ اہداف بھی حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔صدر وومن چیمبر آف کامرس نے کہا کہ درخت دھرتی کا حسن اور ماحول کو آلودگی سے بچانے میں مشین کا کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پلانٹیشن مہم میں وومن چیمبر بھی انتظامیہ کے شانہ بشانہ شریک ہے اوردستیاب جگہوں پر پودے لگائے جارہے ہیں۔

Leave a reply