بھارت ایسا ملک ہے جہاں ایک لاکھ آبادی پر صرف 137 پولیس اہلکار ہیں جب کہ پولیس کی بائیس فیصد اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ لیکن بھارت میں چار افراد ایسے بھی ہیں جن کی سیکورٹی کے لیے چار افراد ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان چارافراد میں وزیر اعظم نریندر مودی، اپوزیشن کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور ان کے دو اولادیں راہل گاندھی اورپرینکا گاندھی واڈرا شامل ہیں۔

سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کو بھی اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی)کی سیکورٹی حاصل تھی لیکن مودی حکومت نے پیر کے روز یہ نفری واپس لے لی۔ البتہ انہیں نسبتاً کم درجے کی سیکورٹی ملتی رہے گی۔

کانگریس نے حکومت کے اس فیصلے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ بھی ایک دن ’سابق‘ ہوں گے۔

یاد رہے کہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ کا قیام سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد 1985ء میں عمل میں آیا۔ ایس پی جی صرف وزیر اعظم، سابق وزیر اعظم اور ان کے اہل و عیال کو سیکورٹی فراہم کرتا ہے۔ ایس پی جی کے کمانڈوز کا انتخاب نیم فوجی دستے بارڈر سکیورٹی فورس، سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس، اِنڈو تبتن بارڈر پولیس اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے جوانوں میں سے کیا جاتا ہے۔

Shares: