پشاور:پاکستان تحریک انصاف کے پشاور جلسے میں سرکاری وسائل کا استعمال اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہوگئی، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان پر 50، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
پی ٹی آئی کے پشاور جلسے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان 10 صوبائی وزراء اور مشیروں پر بھی 50، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق این اے 31 پشاور میں ہونیوالے پی ٹی آئی جلسے میں سرکاری وسائل کے استعمال پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سامنے آئی تھی۔
خلاف ورزی ثابت ہونے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی چیئرمین سمیت دیگر رہنماؤں پر جرمانہ عائد کیا۔وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آج (جمعرات کو) فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے فیصلے میں عمران خان، محمود خان سمیت تمام افراد کو جرمانے کی رقم 18 ستمبر تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔