پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں اچانک 700 سے زائد پوائنٹس گر گئے ہیں جبکہ اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس میں کاروباری روز کے ابتداء میں 200 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی جس کے بعد اتار چڑھاؤ کرتے درمیانی روز میں 100 انڈیکس 700 پوائنٹس سے زیادہ گر گیا ہے۔

جبکہ کاروبار کے اختتام تک اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 708 پوائنٹس کمی سے کئی روز بعد واپس 46 ہزار 770 کی سطح پر آگیا ہے، تاہم واضح رہے کہ گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ 47 ہزار 478 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

جبکہ دوسری جانب ملک میں روپے کے مقابلے امریکی کرنسی کی قیمت میں بھی اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور ملکی تبادلہ مارکیٹوں میں ایک روپے 91 پیسے اضافے کے بعد 303 روپے 90 پیسے جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے مہنگا ہو کر 318 روپے کی بلن ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کاروباری روز کے دوسرے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں ایک روپیہ پانچ پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم منگل کے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 302.00 روپے سے بڑھ کر 303.05 کی سطح پر پہنچ گئی۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر تاریخ میں پہلی بار 319 روپے کا ہوگیا، دوسری جانب امریکی کرنسی کے علاوہ یورو کی قیمت 327 روپے، ملائیشین رنگٹ 65 روپے ، سعودی ریال کی قیمت 80 روپے اور بھارتی کرنسی کی قیمت 3 روپے ریکارڈ کی گئی۔

ادھر کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی ملک میں سونے کی قیمت میں معمولی اضافہ ہوا ہے اور سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 500روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 33 ہزار 500 روپے ہو گئی جبکہ اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت 429 روپے اضافہ سے 2 لاکھ 189 روپے ہوگئی ہے۔

Shares: