کورونا وائرس اورلاک ڈاؤن کیوجہ سے پاکستان میں مقیم 83 بھارتی شہریوں کا گروپ آج واہگہ بارڈر کے راستے واپس انڈیا چلا گیا۔ سفارتی ذراٰئع کے مطابق پاکستان میں موجود بھارتی سفارتخانے کی طرف سے پاکستانی وزارت خارجہ سے 118 بھارتی شہریوں کی واپسی کی درخواست کی گئی ہے۔ تاہم آج 83 افراد بھارت پہنچے۔ بھارتی شہریوں کی واپسی کے لئے واہگہ بارڈر کوایک بارپھر خصوصی طورپرکھولا گیا، کسٹم اور امیگریشن حکام بھی واہگہ بارڈرپر موجود تھے۔
دوسری طرف پاکستان میں مقیم ایسے افراد جو پاکستانی شہری ہیں لیکن بھارت میں شادی ہونے یاپھر دیگر وجوہات کی بناپر پاکستان چھوڑ چکے ہیں اوراب دوبارہ اپنے خاندانوں سے ملنے واپس پاکستان آئے تھے۔ ایسے 350 افراد کی فہرست بھی بھارتی سفارتخانے کی طرف سے پاکستان کی وزارت خارجہ کو بھیجی گئی ہے تاکہ ان کی واپسی کا شیڈول بھی طے کیا جاسکے۔ یہ وہ افراد ہیں جو پاکستان چھوڑ کربھارت گئے لیکن انہیں ابھی تک بھارتی شہریت نہیں مل سکی ہے۔ان افرادکو بھارت سے واپس پاکستان آنے کے لئے بھارتی حکومت کی طرف سے نوری ویزا (نواوبلیگیشن ریٹرن ٹو انڈیا) دیاجاتا ہے، جس کی مدت سے چالیس سے ستردن تک ہوتی ہے۔ نوری ویزاپرپاکستا ن آنے والوں کی بڑی تعداد سندھ کے مختلف شہروں میں مقیم ہے۔ان میں زیادہ ترہندوبرادری کے لوگ ہیں جبکہ کچھ تعداد مسلمان خواتین کی بھی ہیں جن کی شادیاں بھارت میں مقیم اپنے رشتہ داروں میں ہوئی ہیں اوراب وہ اپنے بھارتی سسرالی ممبران اوربھارتی شہریت کے حامل بچوں کے ساتھ پاکستان میں مقیم ہیں۔