ڈسکہ (نامہ نگار باغی ٹی وی، ملک عمران)انجمن خدمت خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کا 752 واں ماہانہ اجلاس گزشتہ روز زچہ بچہ ہسپتال پسرور روڈ ڈسکہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت انجمن کے صدر میاں سعید احمد صراف نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عبدالغفار نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول ﷺ انوار احمد سیال نے پیش کی۔
اجلاس میں جائنٹ سیکرٹری ضرار احمد خاں نے گزشتہ ماہ جنوری 2025 کی کارروائی پیش کی، جس کی متفقہ طور پر توثیق کی گئی۔ جنرل سیکرٹری محمد انور مغل نے اجلاس کے دوران اپنے فرائض انجام دیئے۔ فنانس سیکرٹری انوار احمد سیال نے ماہ جنوری 2025 کی آمدن و اخراجات کی رپورٹ پیش کی، جسے بحث کے بعد منظور کر لیا گیا۔ سیکرٹری نشرو اشاعت سہیل سلمان ٹھروہی نے گزشتہ اجلاس کی شائع شدہ خبریں پڑھ کر سنائیں۔
اجلاس میں رمضان المبارک کے پیش نظر فنڈ ریزنگ اور رفاہی سرگرمیوں پر زور دیا گیا۔ جنرل سیکرٹری نے بتایا کہ ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کے لیے نئے آلات خریدے گئے ہیں، جس پر ممبران نے اطمینان کا اظہار کیا۔ سہیل سلمان ٹھروہی نے ہسپتال کے ملازمین کی حاضری کو بہتر بنانے کے لیے بائیومیٹرک سسٹم کی تنصیب سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں شہر کی انتظامیہ سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کو جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا گیا، تاکہ دکاندار اپنا کاروبار دوبارہ شروع کر سکیں۔ رمضان المبارک میں پیشہ ور بھکاریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے آخر میں جنرل سیکرٹری محمد انور مغل کے بھائی محمد یونس مغل کی وفات پر ان کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ حافظ عبدالغفار کی دعائے خیر اور میزبان چوہدری محمد افضل کی تواضع کے بعد اجلاس اختتام پذیر ہوا۔