امیتابھ بچن 80 ویں سالگرہ آج منائیں گے

0
166

اسٹار آف دی میلینیئم کااعزاز حاصل کرنے والے بھارتی گلوکار، اداکار، پروڈیوسر، ٹی وی میزبان اور سابق سیاستدان امیتابھ بچن 80 برس کےہوگئے۔ ان کی سالگرہ کے حوالے سے خصوصی تقریب آج ان کےٹی وی شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ میں منعقد کی جائے گی جس میں ان کی اہلیہ جیا بچن اور بیٹا ابھیشک بچن امیتابھ کی زندگی کے اہم پہلووں پر روشنی ڈالیں گے۔

امیتابھ بچن 11 اکتوبر 1942 کو الہ آباد کے ایک شاعر ہری ونش رائے کے ہاں پیدا ہوئے۔ ان کی والدہ تیجی بچن لائل پور (فیصل آباد) کی ایک پنجابی سکھ کھتری خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ امیتابھ نے اپنی فلمی زندگی کا آغاز 1969 میں خواجہ احمد عباس کی ڈائریکشن میں بننے والی فل سات ہندوستانی سے کیا۔ دوسرے نئے اداکاروں کی طرح امیتابھ کی یہ پہلی فلم بھی بری طرح فلاپ ہوئی۔

1971 میں راجیش کھنہ کے بالمقابل فلم آنند میں انہوں نے ڈاکٹر کا کردار ادا کیا۔ اس فلم کے پوسٹر میں امیتابھ بچن کی تصویر ایک کونے میں لگائی گئی کیونکہ انہیں ایک بی کلاس اداکار تصور کیا جاتا تھا۔ 1972 میں معروف کامیڈین محمود نے امیتابھ کو اپنی فلم بمبئے ٹو گوا میں اداکاری کا موقعہ دیا اس فلم نے باکس آفس پر ایک کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ فلم کی کامیابی سے امیتابھ کو باقاعدہ طور پر مرکزی کردار کے لئے آفرز آنا شروع ہو گئیں اور یوں بھارتی فلم انڈسٹری کو نیا ہیرو مل گیا۔ امیتابھ کا یہ فلمی سفر آج تک جاری ہے۔

کانگریس لیڈر راجیو گاندھی اور سنجے گاندھی امیتابھ کے سب سے قریبی دوست تھے۔ راجیو گاندھی سے شادی سے قبل 13 جنوری 1968 کو سونیا گاندھی جب اٹلی سے بھارت آئیں تو امیتابھ انہیں دہلی ہوائی اڈے سے لینے گئے سونیا 48 دن امیتابھ کے گھر پر مہمان بن کر رہیں جہاں اندرا گاندھی کی خواہش کے مطابق انہوں نے ہندو رسم و رواج اور بھارتی معاشرے کے بارے آگاہی حاصل کی۔ 1984 میں امیتابھ نے اترپردیش سے لوک سبھا کی سیٹ پر 68 فیصد سے بھی زائد ووٹ حاصل کئے جو بھارتی انتخابات کی تاریخ کا ایک منفرد ریکارڈ ہے اور اسے آج تک کوئی بھی نہیں توڑ سکا۔

1987 میں ان کے بھائی اجیتابھ بچن کی سوئٹزرلینڈ میں اپارٹمنٹ کی خریداری کے حوالے سے بوفرز سکینڈل سامنے آیا۔ جس کے بعد امیتابھ نے لوک سبھا کی سیٹ سے استعفی دے دیا۔ 2000 میں امیتابھ نے ٹی وی پر کون بنے گا کروڑ پتی شروع کیا لیکن امیتابھ کی بیماری کے باعث یہ شو 2006 میں بند کردیا گیا تاہم 2009 میں اسے دوبارہ شروع کیا گیا جو اب تک جاری ہے۔ امیتابھ بچن فلمی صنعت کے بے تاج بادشاہ ہونے کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ ان کی شادی 1973 میں اداکار جیا بہادری سے ہوئی۔ ان کا صاحبزادہ ابھیشک بچن ایک نامور فلم اسٹار ہے جب کہ بیٹی شویتا ایک مصنف اور صحافی ہے۔

امیتابھ کی کارکردگی کے اعتراف کے طور پر انہیں پدما شری، پدما بھوشن، لیجنڈآف آنر، پدما وبوشن اور دادا صاحب پھالیکے ایوارڈز سے نوازہ گیا۔ 2002 میں انہوں نے اپنی آپ بیتی بھی لکھی۔ 

Leave a reply