ملک بھر میں نو محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
کراچی میں نو محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی گزرگاہ پر دکانیں اور مارکیٹیں سیل، ایم اے جناح روڈ کے اطراف کنٹینر رکھ کر سڑکیں بند کر دی گئیں کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوکر حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں-
پولیس کے مطابق جلوس کی گزرگاہوں پر واقع تمام دکانیں اور مارکیٹیں سیل کر دی گئی ہیں جبکہ ایم اے جناح روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، پریڈی اسٹریٹ اور کھارادر سمیت مختلف علاقوں میں کنٹینر رکھ کر سڑکیں بند کر دی گئی ہیں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی، جلوس کی سیکیورٹی پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور رینجرز اہلکار بھی الرٹ ہیں۔
9 محرم الحرام کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق خطے کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آج صوبے بھر میں 1689 عزاداری جلوس اور 3895 مجالس منعقد ہو رہی ہیں۔ ان کی سیکیورٹی کے لیے ایک لاکھ سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ لاہور میں 79 جلوس اور 378 مجالس کے لیے 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اور محرم الحرام کے کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عمل کروایا جا رہا ہے۔ جلوسوں اور مجالس کے اوقات، روٹس، اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی پابندی کو یقینی بنایا گیا ہےسیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ڈولفن اسکواڈ، پیرو، ٹریفک پولیس اور دیگر فیلڈ فورسز کو بھی حساس مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ جبکہ تمام اضلاع میں کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیے گئے ہیں تاکہ ہر لمحہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا سکے پنجاب پولیس کو ان سیکیورٹی اقدامات میں کمیونٹی لیڈرز، صوبائی وزراء، آرمڈ فورسز، رینجرز، دیگر سیکیورٹی اداروں اور میڈیا کا مکمل تعاون حاصل ہے۔