امریکہ کی 9 ریاستوں میں بم کی اطلاعات، سرکاری عمارتوں کو خالی کروا لیا گیا
واشنگٹن: امریکہ کی 9 ریاستوں میں بم کی اطلاعات پر سرکاری عمارتوں کو خالی کروا لیا گیا۔
باغی ٹی وی: غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاستوں مشی گن، جارجیا، مونٹانا، مسی سپی، کنیکٹیکٹ، ہوائی، آئیداہو، مین اور کینٹکی میں اعلیٰ حکام کو ای میل کے ذریعے بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں جس پر ریاستی دارالحکومتوں میں اہم سرکاری عمارتوں سے اعلیٰ افسران اور ملازمین کو باہر چلے جانے کے احکامات دے دیئے گئے۔
امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی کی جانب سے کہا گیا ہےکہ عمارتوں میں بموں کی موجودگی کی جعلی اطلاعات سے آگاہی حاصل تھی مگر قابل بھروسہ خطرے کی نشاندہی کا بروقت اندازہ لگانا ممکن نہیں تھا، متعلقہ عمارتوں کی تلاشی کے بعد دھماکہ خیز مواد نہ ملنے پر ریاستی دارالحکومتوں میں سرکاری امور کی انجام دہی دوبارہ شروع کر دی گئی۔