لاہور:شہنشاہ غزل مہدی حسن کا 92 واں یومِ پیدائش ، مہدی حسن18 جولائی 1927ء کو بھارتی ریاست راجستھان کے ایک گاؤں لُونا میں پیدا ہوئے موسیقی کی تعلیم اپنے والد استاد عظیم سے حاصل کی تھی ۔مہدی حسن بچپن سے ہی موسیقی کے اسرار و رموز سے آشنا تھے کیونکہ ان کا تعلق کلاونت گھرانے کی سولہویں پیڑھی سے تھا۔

یہ بھی امر بڑا دلچسپ اور خوش کن ہے کہ شہنشاہ غزل مہدی حسن کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی، تمغہ امتیاز اور ہلال امتیاز سے نوازا، جب کہ نیپال نے مہدی حسن کو گورکھا دکشنا بہو کا اعزازعطا کیا،مہدی حسن کو بھارت کے سب سے بڑے ثقافتی ایوارڈ سہگل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا ۔

اس عظیم موسیقار نے کل 441 فلموں کے لیے گانے گائے اور گیتوں کی تعداد 626 ہے۔ فلموں میں سے اردو فلموں کی تعداد 366 جن میں 541 گیت گائے۔ جب کہ 74 پنجابی فلموں میں 82 گیت گائے۔ انہوں نے 1962 سے 1989 تک مسلسل فلموں کے لیے گائیکی کی تھی ۔ان کا گایا ہوا ملی نغمہ یہ وطن تمھارا ہے تم ہو پاسباں اس کے آج بھی قوم کا لہو کو گرماتا ہے ۔

برصغیر پاک وہند کے موسیقی کے مداحوں کے کانوں میں رس گھولتی شہنشاہ ِ غزل مہدی حسن کی آواز 13 جون 2012ء کو ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گئی طویل علالت کے بعد مہدی حسن خالقِ حقیقی سے جاملے مہدی حسن اب ہم میں نہیں مگر ان کی آواز آج بھی زندہ ہے ۔

Shares: