(ن) لیگ، پی پی پی کی مولانا فضل الرحمان کے ذریعے اپنی سیاست کو تقویت دینے کی سوچ ان کی بھول ہے، ایسا کس نے کہہ دیا

0
45

لاہور۔(اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست کا حال یہ ہے کہ دونوں جماعتیں عام انتخابات میں بد ترین شکست کھانے والی جے یو آئی (ف) کے پیچھے لگی ہوئی ہیں،حکومت نے اپوزیشن سے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے اور مدرسہ اصلاحات سمیت ہر معاملے پر بات ہو سکتی ہے،نوبت یہاں تک آ گئی ہے کہ نواز شریف کو لاہور میں رہائش پذیر اپنے بھائی شہباز شریف کو خط لکھنا پڑ رہا ہے، سیاست میں ”کمر درد“کیا ہوتا ہے سب اس سے آگاہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں حلقہ این اے 131کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب اور ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے احتجاج کے کیا مقاصد ہیں اس کا پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کو بھی علم نہیں اوردبے لفظوں میں اس پر تشویش کا اظہاربھی کیا جارہا ہے۔ اگر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی آخری ہچکیاں لیتی اپنی سیاست کو مولانا فضل الرحمان کے ذریعے تقویت دینا کا سوچ رہی ہیں تو یہ ان کی بھول ہے بلکہ اس سے ان کی رہی سہی سیاست کی آخری رسومات ادا ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے اندراس وقت اختیارات کی جنگ ہے اور نوبت یہاں تک آ گئی ہے کہ نواز شریف لاہور میں رہائش پذیر اپنے بھائی شہباز شریف کو خط لکھ رہے ہیں، شہباز شریف کمر درد کی وجہ سے اپنے بھائی سے ملاقات کیلئے نہیں گئے تو سب کو پتہ ہے کہ سیاست میں ”کمر درد“ کیا ہوتا ہے۔ شریف خاندان میں ایک دوسرے کے مقابلے میں اپنے بچوں کو لانچ کیا جارہا ہے جو اپنے ملک میں واپس نہیں آ سکتے،نواز شریف انہیں پیغا م رسانی کی ذمہ داری سونپ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک کوئی کمیٹی نہیں بنائی لیکن اگر ضرورت پڑی تو اس کے بنانے میں کوئی حرج نہیں،حکومت نے جے یو آئی (ف) سمیت کسی اپوزیشن جماعت سے بات چیت کے دروازے بند نہیں کئے،جے یو آئی (ف) مدارس اصلاحات سے کسی خوف کا شکارہے تو ہم سے بیٹھ کر بات کرے اور اپنی مثبت اور تعمیری تجاویز دے۔

Leave a reply