باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ میں 40 لاکھ روپے کی لاگت سے سیالکوٹ ٹورسٹ بس سروس کے ماسٹر ٹرمینل کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ، پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت بس سروس کا ماسٹر ٹرمینل 5اگست تک مکمل کرلیا جائے گا۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سید بلال حیدر نے ہمراہ ڈائریکٹر نظام اینڈ سنز امین احسن کے آج سپورٹس کمپلیکس پسرور روڈ پر سیالکوٹ ٹورسٹ بس سروس کے ماسٹرٹرمینل کے افتتاح کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ چودھری عبدالروف ، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ احمد سعید منج ، ڈی او انفارمیشن سیالکوٹ شہزاد احمد ورک ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سیالکوٹ عمران بٹ ،سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اور مینیجرسیالکوٹ جاب بیورو ذوالقرنین ساہی بھی موجود تھے ۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سید بلال حیدر نے کہاکہ سیالکوٹ ٹورسٹ بس سروس ،لاہو ر ٹورسٹ بس سروس کی طرز کا منصوبہ ہے لیکن اس منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ماسٹر ٹرمینل جو کہ نظام اینڈ سنز پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے سپانسر کیا ہے اس طرح سیالکوٹ ٹورسٹ بس سروس کی 14 مختلف ٹرمینل بھی مختلف مقامی کمپنیوں کے تعاون سے تعمیر کئے جائیں گے جبکہ 2منزلہ ٹورسٹ بس کی تیاری پر 3کروڑ روپے لاگت آئے گی ۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ ٹورسٹ بس سروس کی بدولت سیالکوٹ میں ٹورازم کو فروغ حاصل ہوگا اور 4گھنٹے میں یہ بس سیالکوٹ کے تاریخی اور تفریحی مقامات کی سیر کروائے گی ۔
ڈائریکٹر نظام اینڈ سنز امین احسن نے کہاکہ سیالکوٹ ٹورسٹ بس سروس شہریوں کی تفریح کا بڑا منصوبہ ہے اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سید بلال حیدر کا احسن اقدام ہے جس کا سیالکوٹ کی برنس کمیونٹی بھرپور خیرمقدم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کا یہ طرہ امتیاز رہا ہے کہ وہ ہمیشہ حکومت کے شابہ بشانہ عوام کے وسیع تر مفاد میں فلاحی و ترقی کے منصوبوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے سیالکوٹ کی نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔ ڈی آئی او سیالکوٹ شہزاد احمد ورک نے بتایا کہ ٹورسٹ بس سروس کا بڑوں کیلئے 400روپے جبکہ اسٹوڈننس کیلئے ٹکٹ کا کرایہ 200روپے تجویز کیا گیا ہے جبکہ معمر بزرگ ، اسپیشل پرسن اور شیر خوار بچوں کیلئے فری ٹکٹ ہوگی ۔

سیالکوٹ ٹورسٹ بس سروس کے ماسٹر ٹرمینل کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
Shares: