پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے سپورٹس کلچر کو فروغ ملے گا‘ مشیر کھیل پنجاب

0
42

لاہور۔ (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے کھیل و امور نوجوانان ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں اپنی سماجی اور معاشرتی اقدار کی اصل روح کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ نئی نسل کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صنعتکاروں کے نمائندہ وفدسے بات چیت کے دوران کیا جس نے علامہ اقبال یوتھ فیسٹیول کی تیاریوں کے سلسلے میں ان سے ملاقات کی۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے تاجروں کو بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے حکومت پر اخراجات کا بوجھ نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ کھیلوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہعلامہ اقبال یوتھ فیسٹیول سپورٹس کلچر کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے منعقد ہونے والے فیسٹیول سے نوجوانوں میں کھیلوں کے رجحان کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پسماندہ علاقوں میں کھیلوں کی سہولیات پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔ دیہی علاقوں میں سپورٹس کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔صوبے میں کھیلوں کے ڈھانچے کو وسعت دے کر نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کو معاشرتی برائیوں سے دور رکھنے کے لیے صوبے کے تمام اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جانے کی منظوری ہو چکی ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں مذہبی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دیکر کثیر زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ملک عمر فاروق نے کہا کہ حکومت کی سمت درست ہے اور معاشی ترقی کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

Leave a reply