کشمیریوں‌ کو حق خودارادیت ملنے تک بھرپورحمایت جاری رکھیں گے، ڈاکٹر عارف علوی

0
48

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ 27اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کاایک سیاہ ترین دن ہے۔72سال قبل اس روز ہندوستانی سکیورٹی فورسز نے بین الاقوامی قوانین اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے نہتے اور بے گناہ کشمیریوںکی امنگوں کے بر عکس جبر،ظلم و تشدد اور دہشت گردی کے ذریعے سری نگر پر قبضہ جما لیا،

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی)پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل اخلاقی و سیاسی اور سفارتی حمایت کا پختہ عزم کر رکھا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ 27اکتوبر2019ء کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوں میں ایک منصفانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو برقرار رکھا۔ اس پر عملدرآمدکے لئے عالمی برادری کی طرف سے ان قراردادوں اور وعدوں کی تجدید جاری ہے لیکن اس کے باوجود آج تک ہندوستان کشمیر میں وحشیانہ کارروائیوں اور دھونس ، دھاندلی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ5 اگست 2019 ء سے بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں0 8 لاکھ سے زائد افراد کو غیر قانونی طور پر محصور کیا ہواہے ۔ ان میں کشمیری عوام، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جن پر بھارتی سیکورٹی فو رسزناقابل بیان ظلم وتشدد کا ارتکاب کررہی ہیں ۔ ان جرائم میں ناقابل معافی کرفیو ، مواصلات کا بلیک آؤٹ بھی شامل ہیں، جوگزشتہ تین ماہ سے جاری ہیں اور یہ ریاستی دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے جو بھارت کئی دہائیوں سے بے گناہ اور نہتے کشمیریوں پر برپا کئے ہوئے ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس سے قطع نظر کہ بھارتی پالیسیوں اور تدابیرمیں کتنا ہی ظلم و بربریت کیوں نہ شامل ہو ،وہ کشمیری عوام کے جذبۂ حریت کو کچل نہیں سکتا،

انہوں نے کہا کہ آج ہم کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے جدو جہد آزادی کے لئے اپنی جانیں قربان کیںاور بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں اذیتیں برداشت کرتے رہے۔ پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل اخلاقی و سیاسی اور سفارتی حمایت کا پختہ عزم کر رکھا ہے کہ وہ کشمیریوںکے حق خودارادیت کے حصول تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

Leave a reply