ٹھٹھہ :بحیرہ عرب میں سپر سائیکلون "کیار” کے خطرہ کے بعد ٹھٹھہ کے ماہی گیروں نے کشتیاں ساحل پر کھڑی کردیں۔ متعدد گاؤں سمندری پانی داخل ہونے سے زیر آب آگئے۔دوسری طرف حکام کے کہنے کے باوجود ماہی گیر یہ جگہ چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں

ٹھٹھہ سے ذرائع کے مطابق سمندری طوفان کی وجہ سے سمندر کا پانی آبادی میں داخل ہونے کے بعد ساحلی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کیٹی بندر، کھارو، چھان جاتی، شاہ بندر سمیت دیگر علاقوں سے سمندر میں شکار کے لئے جانے والی کشتیوں کو ماہی گیروں نے واپس محفوظ مقام پر کھڑا کردیا۔

ماہی گیروں کے مطابق اب بھی متعدد ماہی گیر روزگار کیلئے کشتیوں کے ہمراہ سمندر میں موجود ہیں۔ ماہی گیروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر میں موجود ماہی گیروں کی واپسی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نپٹنے کے لئے عارضی کیمپ قائم کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ لوگ کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا جائے گا۔

Shares: