فیصل آباد (محمداویس )صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ جشن عید میلادالنبیؐ کا تقاضا ہے کہ ہم ابتاع سنتؐ پر صدق دل سے عمل پیراہوں کیونکہ اسوہ حسنہؐ کی پیروی سے ہی ہماری دنیاوی و اخروی زندگی سنور سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات ماہ ربیع الاول کی آمد کے موقع پر غلہ منڈی جڑانوالہ میں جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبیؐ کا کیک کاٹتے ہوئے کہی۔ اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ عمردراز گوندل‘ ایس پی طارق سکھیرا‘ حاجی نصراللہ‘ مفتی شہباز چشتی و دیگر علما کرام کے علاوہ چوہدری تیمور علی خان‘عمران یوسف بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن نے کہا کہ سیرت مبارکہ ؐ سے ہمیں احترام انسانیت‘ صبر و تحمل اور امن کا درس ملتا ہے اور ایسے جذبات کو فروغ دے کر ہم اپنے مسائل پر قابو پاسکتے ہیں لہذا اس متبرک مہینہ میں ہمیں قرآن و سنت کی پیروی کا پختہ عزم کرنا چاہئے جوکہ حب رسولؐ کا اہم ترین تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپؐ کی سیرت ہی امن کا پیغام ہے اور آپؐ نے پیار و محبت‘ اخوت اور بھائی چارے کا درس دیا آج تمام مسلمانو ں کو متحد ہو کر اسوہ رسولؐ پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نبی آخرالزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت باسعادت کو بھر پور انداز میں منایا جائے گا اس سلسلے میں وسیع پروگرامز ترتیب دئیے جارہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر اور ایس پی نے کہا کہ ہادی برحق حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تمام زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپؐ کی تشریف آوری سے ہی نسل انسانی کو اشرف المخلوقات کا مقام حاصل اور دنیا سے ظلم و غلامی کا خاتمہ ہوا۔ حاجی نصراللہ‘ مفتی شہباز و دیگر علماء کرام نے کہا کہ نبی کریمؐ سے محبت ہمارے ایمان کا اہم ترین حصہ ہے اور اس ایمانی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی اقدار کی پاسداری کا عہد کرنا چاہئے۔ اس موقع پر نبی کریمؐ کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت اور درود و سلام بھی پیش کیا گیا۔
۔۔۔///۔۔۔

Shares: