فیصل آباد(محمد اویس )صوبائی وزیر کوآپریٹومہرمحمد اسلم بھروانہ نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کو قانون کے سخت شکنجے میں لائیں اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور فیلڈ میں رہ کر سرکاری طور پر مقررہ قیمتوں پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا قبلہ درست ہو۔انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس چنیوٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی اور ڈی پی او سید حسنن حیدر نے صوبائی وزیر کو ضلع میں پرائس کنٹرول میکنزم،ترقیاتی عمل،انسداد ڈینگی اقدامات اور امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی۔ایم پی اے تیمور امجد لالی کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز طارق خان نیازی،عمران عصمت،اسسٹنٹ کمشنرز خضر حیات بھٹی،عدنان رشید،فضل عباس اور مختلف ضلعی محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔صوبائی وزیرنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سبزیوں سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے جا اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور صارفین کو منافع خوروں سے نجات دلانے کے لئے صوبائی کابینہ کے ارکان کو اضلاع و تحصیلوں کے دورے کرکے قیمتوں پر عملدرآمد کرانے کی سخت ترین ہدایات جاری کی ہیں اور وہ اسی سلسلے میں ضلع میں پرائس کنٹرول میکنزم کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے گراں فروشوں کے خلاف کی گئیں کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے سپرد نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے مستقل سدباب کے لئے ایسا جامع اور قابل عمل میکنزم وضع کریں کہ عوام کو ریلیف نظر آئے۔ صوبائی وزیر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے کہا کہ کاغذی کارروائیوں کا وقت گزرچکا ہے اب عملی طور پر اقدامات نظر آنے چاہیں جس میں معمولی سی بھی کوتاہی کی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں اور بازاروں میں پھل،سبزیاں اور دیگر اشیا فروخت کرنے والوں کی دکانوں وریڑھیوں پر نرخنامے آویزاں ہونے چاہیں جبکہ اوورچارجنگ کی شکایت کے اندراج کے لئے ٹال فری نمبر 08000234کی بھی بھرپور تشہیر کی جائے۔انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے کہا کہ ان کی کارروائیوں کے واضح نتائج نظر آنے چاہیں۔صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ وہ قیمتوں پر عملدرآمد کے حوالے سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو روزانہ چیک کریں اور مطلوبہ نتائج نہ دکھانے والوں کے خلاف ایکشن لیں۔صوبائی وزیر نے ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دیانتداری سے محکمانہ فرائض انجام دیکر مطلوبہ اہداف حاصل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں اور عوامی مسائل کاحل اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع میں 19 پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سرگرم عمل ہیں اور رواں سال اب تک پرائس چیکنگ کرتے ہوئے مارکیٹوں وبازاروں کے 5171 وزٹ کرکے اوورچارجنگ پر 4153 گرانفروشوں کو 53 لاکھ سے زائد جرمانے اور 234 کو پرائس کنٹرول ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی پر جیل بھجوایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پھل وسبزی منڈی کی روزانہ نیلامی کا عمل بھی جاری ہے۔انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کمیونٹی ڈویلمپنٹ پروگرام کے تحت 20 کروڑ سے 24 سکیموں کا 65 فیصد،صوبائی ترقیاتی پروگرام کے تحت دو ارب 65 کروڑ سے 52 منصوبوں کا 72 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 25 کھلی کچہریاں لگا کر 325 لوگوں کی شکایات کا ازالہ کیا گیاہے جبکہ 75 درخواستوں پر محکمانہ اقدامات جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت ضلع میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے بھی موثر اقدامات جاری ہیں۔بعدازاں صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم بھروانہ نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں کی کارکردگی کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز ہے جس میں واضح پیشرفت ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے دیگر اقدامات کے ساتھ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام پر بھرپور عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے بتایاکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر اشیا ضروریہ کے گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے اور کسی کو من مانی قیمتیں وصول نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ ضلع چنیوٹ میں حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے تسلسل سے دورے بھی کریں گے۔