چیئرمین سینیٹ کی ہنگری کے سفیر سے ملاقات میں کیا ہوئی بات
باغی ٹی وی چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہنگری یورپ کا اہم ملک ہے۔ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ ہنگری پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے مستفید ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ہنگری کے سفیر اسٹیون سزیبوسے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تجارتی و اقتصادی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے اور بہتر پارلیمانی رابطہ کاری کے ذریعے نہ صرف عوام کو ایک دوسرے کے قریب لایا جا سکتا ہے بلکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے بھر پور استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ مستقبل قریب میں گوادر معاشی حب کے طور پر ثابت ہوگا جو نہ صرف اس خطے کے ممالک میں رابطہ کاری کا اہم سبب بنے گا بلکہ تجارتی واقتصادی مرکزبھی ہوگا۔
علاقائی وبین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں میں گوادر بندرگاہ کا اہم کردار ہے۔ پاکستان کی خواہش ہے کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے۔ہنگری کے سرمایہ کارگوادر میں سرمایہ کاری کیلئے آگے بڑھیں اور اس بہترین موقع سے مستفید ہو کر دونوں ممالک اپنی ترقی کے مراحل طے کریں۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ اس کیلئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا ہوگی۔محمد صادق سنجرانی نے ہنگری کے سفیر کو مقبوضہ کشمیر کی دن بدن بگڑتی ہوئی صورتحال بارے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کر نا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق چاہتا ہے۔بین الاقوامی برادری معصوم نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کو نوٹس لیتے ہوئے اقدام اٹھائیں اوربین الاقوامی اہم فورم مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کیلئے کردار ادا کریں۔ہنگری کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ ہنگری پاکستان کو اہم ملک سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابطہ اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی اشدضرورت ہے۔
*******