گجرات (چوہدری فیضان ارشاد سے ) ڈی پی او گجرات توصیف حیدر کی زیر قیادت گجرات پولیس کو ماہ اکتوبر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی اوتوصیف حیدر کی سربراہی میں گجرات پولیس نے گزشتہ ماہ ضلع بھر میں مجرمان اشتہاریوں،منشیات فروشوں،ناجائز اسلحہ برداروں اورچوروں و ڈاکوؤں کے منظم گینگز کے خلاف خصوصی آپریشن کیا،جس میں سرکل آفیسرز کی زیر نگرانی تمام ایس ایچ اوز اور پولیس ٹیموں، ایلیٹ فورس نے حصہ لیا۔ دوران آپریشن پولیس کو قانون شکن عناصر کے خلاف نمایا ں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
ڈی پی او گجرات توصیف حیدر کی زیر قیادت پولیس نے مجرمان اشتہاریوں کے خلاف منظم آپریشن کرکے ماہ اکتوبر میں 148 مجرمان اشتہاری کو پابند سلاسل کیا جن میں سنگین مقدمات کے 32مجرمان اشتہاری،کیٹیگری بی کے 116اشتہاری اور 65عدالتی مفرور شامل ہیں۔ چوروں اور ڈاکوؤں کے منظم گینگز کے خلاف موثر کارروائی کیلئے تجربہ کار افسران پر مشتمل مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے پیشہ وارانہ مہارت اور سائنسی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف علاقوں میں راہزنی اور ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے 4خطرناک گینگز کو ٹریس کیا گیا،جن کے 13کارندوں کو گرفتار کرکے 71لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کیاگیا۔
منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران گجرات پولیس نے گزشتہ ماہ 25کلو گرام چرس, 162بوتل شراب اور 64کلو گرام بھنگ برآمدکرکے کل 44 مقدمات درج کیے۔ نمائش اسلحہ کرنے والوں اور ناجائز اسلحہ برداروں کے خلاف کارروائی کرکے 2عدد کلاشنکوف،4عدد رائفلیں اور 22عدد پسٹل برآمد کرکے ملزمان کے خلاف29مقدمات درج کئے۔
ڈی پی او گجرات توصیف حیدر کی زیر قیادت گجرات پولیس کی سماج دشمن اور قانون شکن عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں سے ضلع بھر میں جرائم میں نمایا ں کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے تمام افسران کو سختی سے ہدایات دے رکھی ہیں کہ سماج دشمن عناصر سے کوئی رعائیت نہیں کی جائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کو منشیات جیسی لعنت اور اسلحہ کلچر سے پاک کرناان کے مشن میں شامل ہے۔

Shares: