ماہی پروری کے فروغ کے لیے موجودہ حکومت کے اقدامات کے باعث نہ صرف پسماندہ علاقوں کی ترقی ممکن ہوسکے گی بلکہ ماہی پروری کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا اور ملکی برآمدات بھی بڑھیں گی.ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنگلی حیات اور فشریز کیپٹن (ر) محمد محمود اور ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب لاہور ڈاکٹر سکندر حیات نے فش سیڈ نرسنگ فارمز کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا.اس موقع پر ڈائریکٹرز فشریز ڈاکٹر ریاض الدین اور ملک محمد رمضان بھی انکے ہمراہ تھے.ان کا کہنا تھا کہ محکمہ فشریز کی جانب سے پائلٹ شرمپ فارمنگ کلسٹر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور کیج فش کلچر کلسٹر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شروع کیاگیا ہے جس کے تحت مظفرگڑھ سمیت پنجاب کے 3 شہروں میں کیج فش فارمنگ اینڈ شرمپ فارمنگ کے ایک ایک ماہ کے تربیتی کورس شروع کردئیے گئے ہیں.سیکرٹری جنگلی حیات اور فشریز کیپٹن (ر) محمد محمود،ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب لاہور ڈاکٹر سکندر حیات کا کہنا تھا کہ ماہی پروری کے ذریعے چین اور انڈیا سمیت دنیا کے ممالک بھاری زرمبادلہ کما رہے ہیں،اس لیے فارمرز کو جدید ترین طریقوں سے روشناس کرایا جارہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ کیج کلچر کے فروغ اور جھینگے کی افزائش سے نہ صرف فارمرز کو فائدہ ہوگا بلکہ ملکی برآمدات بھی بڑھیں گی.اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز نرسری عاشر عظیم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز تلاپیہ ہیچری مشتاق علی قریشی نے سیکرٹری جنگلی حیات اور فشریز کیپٹن (ر) محمد محمود اور ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب لاہور ڈاکٹر سکندر حیات کو کیج فش فارمنگ اینڈ شرمپ فارمنگ کے تربیتی کورس اور فش سید نرسنگ فارمز میں جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی.

Shares: