آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے برطانیہ کے شہر مانچسٹر کے لارڈ مئیر عابد لطیف چوہان کی قیادت میں سات رکنی وفد نے جمعہ کے روز کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی اور ان سے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے برطانیہ میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی سرگرمیوں اور آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے امکانات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے برطانیہ میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی پارلیمان نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں اٹھنے والی آوازوں کے پیچھے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی برسوں کی محنت شامل ہے جس پر کمیونٹی خراج تحسین کی مستحق ہے۔ انہوں نے کشمیری کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے سمندر پار کشمیریوں کو راغب کر کے آزاد علاقے کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ ریاست میں گزشتہ ایک سو دن سے اسی لاکھ سے زائد کشمیری قید میں ہیں لیکن بھارت کے ظلم کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے کونے کونے میں مزاحمت ہو رہی ہے۔ محصور کشمیریوں کے چھوٹے چھوٹے بچوں نے دفاع اور کمیونیکیشن کا ایک جدید نظام قائم کر کے مزاحمت کا محاذ سنبھال لیا ہے۔ یہ بچے راتوں کو جاگ کر اپنی ماؤں اور بہنوں اور بزرگ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ وہ خود رات کو جاگتے ہیں تاکہ ان کے والدین اور خاندان چین کی نیند سو سکیں۔ بھارت کو جان لینا چاہیے کہ جس قوم کے بچوں میں یہ جذبہ ہو اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ ہمارے بچے جذبہ آزادی سے سرشار ہیں لیکن وہ بھارت کی نو لاکھ مسلح فوج کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ اس لئے ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس وقت جب کہ کشمیر جل رہا ہے، کشمیریوں کی نسل کشی ہو رہی ہے اور ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کشمیریوں کی نسلی تطہیر کا عمل جاری ہے جسے فوری مداخلت کر کے بندکرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام سیاسی و سفارتی ذرائع سے مسئلہ کشمیر کے حل پر یقین رکھتے ہیں لیکن بھارت نے پانچ اگست کو یکطرفہ اقدامات کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ساتھ شملہ معائدہ کو بھی اپنے پاؤں کے نیچے روند دیا ہے اس لئے ہم آزادی پسند اور امن پر یقین رکھنے والی دنیا کی اقوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے حق و انصاف کی بنیاد پر مطالبہ حق خودارادیت کی حمایت کے لئے آگے آئیں تاکہ خطے میں ممکنہ جنگ کو روکا جاسکے اور امن وسلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے برطانیہ اور دیگر ممالک میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق پیدا کریں اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے نقطے پر متفق ہو کر اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں تین سو سے زیادہ کشمیری اور پاکستانی نژاد کونسلر زہیں جو ایک بہت بڑی سیاسی طاقت ہے یہ کونسلرز مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں بہت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے برطانوی وفد کے سربراہ اور مانچسٹر کے لارڈ مئیر عابد لطیف چوہان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت مظالم کے خلاف پوری دنیا میں آواز بلند ہو رہی ہے۔ برطانیہ میں کشمیری او رپاکستانی کمیونٹی چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک کشمیریوں کو ان کا حق نہیں مل جاتا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بحث کے علاوہ برطانیہ کی کئی کونسلوں میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت میں قراردادیں منظور کرائی گئی ہیں۔ برطانوی وفد کے سربراہ نے صدر آزادکشمیر کو یقین دلایا کہ برطانیہ میں پاکستانی اور کشمیری شہری آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے کمیونٹی کے کاروباری حضرات کو راغب کرنے کے لئے ایک بھرپور مہم چلائیں۔