مسجد حرام میں تیسری سعودی توسیع کا کام کہاں تک پہنچا

باغی ٹی وی : مسجد حرام میں تیسری سعودی توسیع کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں مطاف کے صحن، راہ داریوں اور جنوبی سمت واقع "المکبریہ” (اذان دینے کی جگہ) کی قوس دار محرابوں کا کام آئندہ رمضان سیزن سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ یہ بات مکہ مکرمہ صوبے کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان کے بدھ کے روز توسیعی کام کے معائنے کے موقع پر سامنے آئی۔

حالیہ توسیع کے سلسلے میں اس وقت جاری بابِ اسماعیل کا تعمیراتی کام رواں سال حج سیزن سے پہلے اختتام پذیر ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ بابِ عمرہ کا کام رمضان مبارک سے قبل پورا کر لیا جائے گا۔ مطاف کے صحن میں 38 میں سے 14 قوس دار محرابوں کا کام پورا ہو چکا ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے تیسری توسیع کے منصوبوں میں 5 ہزار کے قریب محنت کش کام کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ تیسری توسیع کے مکمل ہونے کے بعد مزید 18.5 لاکھ نمازیوں کی گنجائش پیدا ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ اس توسیع میں 680 برقی زینے، 168 دروازے، بجلی کے 7 پاور اسٹیشن اور 3 ٹرانسپورٹ اسٹیشن شامل ہیں۔ ان اسٹیشنوں کے ذریعے ایک گھنٹے میں 3 لاکھ افراد کو منتقل کیا جا سکے گا۔

مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے خانہ کعبہ کی معمول کی دیکھ بھال کا کام مکمل کر لیا گیا۔ اس کی ہدایت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے جاری کی گئی تھی۔

اس سے پہلے دیکھ بھال کے کام میں بیت اللہ کی دیواروں کے بعض حصوں میں کناروں اور پتھروں کی درستی اور دیوار میں موجود باریک دراڑوں کی بھرائی شامل ہے۔ ان تمام کاموں میں بہترین معیار کا مخصوص مواد استعمال کیا جاتا ہے۔

Shares: