فیصل آباد(محمد اویس)ورثہ ایگری فارمز اینڈ سروسز اور ایگری ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے اشتراک سے دو روزہ قومی ایگری ٹورازم میلہ اختتام پذیر ہوگیا۔ ورثہ ایگری فارم بہادری والا میں منعقدہ میلے میں ثقافتی و زرعی نمائش، گڑ میلہ، دیسی کھانے ، چاٹی کی لسی، تانگہ، بگھی، گھوڑا ڈانس، کشی رانی اور بچوں کیلئے جھولے وغیرہ کا اہتمام کیاگیا تھا۔ میلے کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد اشرف تھے ۔ انہوں نے کہا شہروں میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے رجحان کی وجہ سے وہاں آلودگی اور گھٹن کے باعث لوگوں کیلئے رہنا مشکل تر ہوجاتا رہا ہے ۔ اس ضمن میں ضرورت اس امر کی ہے کہ دیہی علاقوں کو شہری سہولیات سے آراستہ کرکے آبادی کا پھیلاؤ شہروں تک بڑھانے کے عمل کو نہ صرف روکا جائے بلکہ نئی نسل کو فطرت کی خوبصورتیوں کے ساتھ جوڑنے کیلئے اس قسم کے میلے منعقد کئے جائیں۔ ایگری ورثہ فارم کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا اس طرح کے میلوں میں فیصل آباد کی مختلف جامعات اور سکولوں،کالجوں کے بچوں کو دعوت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی مٹی کے ساتھ محبت کو زیادہ مضبوط بنا سکیں۔ ایگری ٹورازم کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق تنویر نے بتایا انہوں نے سوات میں آڑو میلہ، اندرون سندھ میں کھجور میلہ اور مختلف ایکالوجیکل زونز میں میلے منعقد کروائے ۔











