اقتصادی رابطہ کمیٹی کی یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے اربوں کی گرانٹ

باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے 6 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ چھ ارب روپے کی سبسڈی آٹا، چینی، گھی، دالیں اور چاول پر دی گئی ہے۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہونے والےای سی سی اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کیلئے 7 ارب 90 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دے دی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے اکتوبر میں جمعیت علمائے اسلام ف کے زیر اہتمام ہونے والے آزادی مارچ پر آنے والے سیکیورٹی اور انتظامی اخراجات کے لیے 10 کروڑ روپے کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دے دی ہے۔اجلاس میں کمیٹی کا عارضی سیکیورٹی انتظامات اور اس سے تاجر برادری کو ہونے والے نقصان پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ مستقبل میں سیکیورٹی کیلئے مستقل بنیادوں پر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی.
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے چند روز قبل یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کی بحالی کے لیے چھ ارب روپے دینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن تاحال پیسے نہیں مل سکے۔ یوٹیلٹی سٹورز کے ملازمین کاکہناہے کہ کارپوریشن کے پاس پیسے نہ ہونے کے باعث کمپنیوں اور ملوں نے سپلائی بند کر دی ہے جسکے باعث قلت کا سامنا ہے۔ جبکہ حکومت یوٹیلٹی سٹورز کی بحالی کے لیے سنجیدہ نہیں۔

Shares: