فیصل آباد (محمد اویس) وزیراعظم عمران خان کے دورہ فیصل آباد کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے کمشنر عشرت علی، ڈپٹی کمشنر محمد علی، ریجنل پولیس آفیسر راجہ رفعت مختار اور سٹی پولیس آفیسر کپٹن (ر) سہیل چوھدری نے گزشتہ روز فیڈمک کا دورہ کیا۔ انہوں نے چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے ملاقات کر کے وزیراعظم کی آمد پر سیکورٹی پلان اور افتتاحی تقریب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر میاں عامر سلیمی اور مینجر ایڈمن میاں زبیر اظہر و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے ترجیحی اکنامک زون "علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی” میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان تین جنوری کو فیصل آباد آئیں گے اور اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ فیڈمک بورڈ نے اس اکنامک زون کی چار دیواری اور مرکزی گیٹ کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں بجلی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے گرڈ اسٹیشن کی بھی منظوری ہو چکی جو کہ جلد مکمل ہوجائے گا۔

Shares: