نئی دہلی: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف آج بھارت کی راجدھانی دہلی میں امریکہ کی ایمبسی کے سامنے سیکڑوں لوگوںنے احتجاج کیا ۔ مظاہرین نے امریکہ مردہ باد ۔ ٹرمپ مردہ باد کے نعرے لگائے ۔یہ احتجاج ایران کے طاقتور شخص اور القدس فوج کے چیف کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد ہورہے دنیا بھر میں احتجاج کا حصہ ہے ۔

احتجاج میں شیعہ سنی سمیت مختلف مسلک اور مذہب کے ماننے والوں نے شرکت کی ۔ احتجاج کی قیادت معرو ف شیعہ عالم دین مولانا کلب جواد نقوی کررہے تھے ۔قاسم سلیمانی ایران کے سپریم کمانڈر علی خامنہ ای کے بعدوہاں کی سب سے زیادہ طاقتور سیاسی شخصیت اور پالیسی ساز تھے ۔وہ ایران کی القدس فوج کے چیف کمانڈ ر تھے جوصرف علی خامنہ ای کے سامنے جوابد ہ ہے۔

تین جنوری کو امریکہ نے بغداد ایئر پورٹ پر قاسم سلیمانی اور عراق کی پاپولر موبیلائزیشن فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس کو ڈرون حملہ میں قتل کردیاتھا ۔قاسم سلیمانی لبنان یا شام سے عراق آرہے تھے ۔ بغداد ایئر پورٹ سے باہر نکلنے کے بعد جیسے وہ کار میں بیٹھے ڈرون حملہ ہوا جس میں ان کے ساتھ گیارہ افراد کی موت ہوگئی ۔

جنر ل قاسم سلیمانی کی مو ت کے بعد ایران سمیت مختلف ممالک میں امریکہ کے خلاف احتجاج ہورہاہے ۔ اس دوران ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ جیسے حالات بن چکے ہیں ۔ عراق کی پارلیمنٹ نے امریکی فوج کے خلاف متفقہ قرار داد پاس کردیا ہے جس کے مطابق اب امریکی فوج کو عراق سے باہر نکلنا پڑے گا ۔

Shares: