القدس فورس کے نئے کمانڈر نے امریکا کو کون سی بڑی دھمکی لگادی
القدس فورس کے نئے کمانڈر نے امریکا کو کون سی بڑی دھمکی لگادی
باغی ٹی وی :ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے تحت القدس فورس کے نئے کمانڈر اسماعیل قاآنی نے کہا ہے کہ عراق میں امریکی اہداف پر میزائل حملوں سے بالآخر امریکا خطے سے نکل جانے پر مجبور ہوجائے گا۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کی ویب گاہ کے مطابق کمانڈر قاآنی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ’’القدس فورس ان کے پیش رو میجر جنرل قاسم سلیمانی کے نقش قدم پر چلتی رہے گی۔‘‘
انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ’’ ہم اس روشن راہ پر پوری قوت کے ساتھ چلتے رہیں گے۔‘‘
القدس فورس کے سابق کمانڈر قاسم سلیمانی گذشتہ جمعہ تین جنوری کو علی الصباح عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکا کے ایک ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔ان کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے سپاہ پاسداران انقلاب نے بدھ کو علی الصباح عراق میں امریکی فوج کے زیر استعمال دو فوجی اڈوں پر میزائل داغے تھے۔
واضح رہے کہ بغداد ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے، فضائی حملے میں ہلاک جنرل قاسم سلیمانی القدس فورس کے سربراہ تھے، عراقی میڈیا کا کہنا ہے کہ دیگر ہلاک شدگان میں ایران نواز ملیشیا الحشد الشعبی کا رہنما بھی شامل ہے۔
بغداد میں امریکی حملے پر ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل سلیمانی پر حملہ عالمی دہشت گردی ہے، امریکا کو اس حرکت کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اس حملے کو عالمی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ ایران نے انتقام لینے کا اعلان کیا ہے، عراق نے بھی امریکا کی فوج کے انخلا کی قرار داد منظور کر لی ہے جس پر امریکہ نے عراق کو بھی دھمکی دی ہے، پاکستان نے خطے میں امن کے لئے بات چیت سے معاملہ حل کرنے کا کہا ہے، دیگر ممالک نے بھی بات چیت پر زور دیا ہے،