کمشنر سرگودہاکا چاروں اضلاع میں گداگروں‘ بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
گداگری لعنت ہے مستحق افراد کی پناہ گاہوں میں کفالت کی جائے۔ ڈاکٹر فرح مسعود
شہر میں برساتی پانی‘کوڑاکرکٹ دیکھ کر سخت اظہار برہمی۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کو فوری اقدامات کی ہدایت

کمشنر سرگودہا ڈاکٹر فرح مسعود نے محکمہ سوشل ویلفیئر کو پولیس کے تعاون سے ڈویژن بھر میں گداگری کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے او رمستحق بے گھر افراد کو پناہ گاہوں اور سوشل ویلفیئر کے اداروں میں منتقل کرنے او ران کی کفالت وتربیت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ڈاکٹر فرح مسعود ایڈیشنل کمشنر شہباز حسین نقوی کے ہمراہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے ڈائریکٹوریٹ آفس نیو سٹیلائٹ ٹاؤن میں قائم پناہ گاہ کا دورہ کیا۔کمشنر نے نلکہ چوک کے قریب بھیک مانگنے کیلئے بیٹھے ایک معذور بزرگ کو فوری طو رپر پناہ گاہ میں منتقل کرنے کی ہدایت کی جس پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حسین احمد گوندل نے معذور بزرگ کو پناہ گاہ میں پہنچا دیا۔ کمشنر نے کہاکہ گداگری ایک لعنت ہے اس کے قلع قمع کیلئے کردار ادا کریں۔عادی بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کی جائے او رمستحق افراد کو محکمہ زکواة‘ بیت المال‘ سوشل ویلفیئر اور فلاحی تنظیموں ومخیر حضرات کے تعاون کے ذریعے ان کی بحالی اور کفالت کی جائے۔قبل ازیں انہوں نے صنعت زار میں مختلف شعبے دیکھے او رسپرنٹنڈنٹ صنعت زار کو خواتین او رمستحق بچیوں کو زیادہ سے زیادہ ہنر اور تربیت فراہم کرنے کی ہدا یت کی۔ انہوں نے دورہ کے دوران مختلف شاہراہوں پر کھڑے برساتی پانی او رکوڑا کرکٹ کو اٹھانے کیلئے تحصیل انتظامیہ کو فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا اور اس صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں غیر متحرک اور شہر کی آلودہ صورتحال پر سخت کارروائی کی جائیگی۔

Shares: