سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج کے لاک ڈاؤن کا مسلسل 161 واں دن ہے، کرفیو کے باعث وادی میں سخت ترین سردی میں شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

سری نگر سے ذرائع کےمطابق بھارتی فوج کی طرف سے سخت سردی میں جہاں بہت زیادہ مصائب اورمسائل پیدا کیئے جارہے ہیں وہیں دوسری جانب وادی میں غاصب بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں محاصرے اور سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی لی۔

غاصب بھارتی فوج نے ترال کے علاقے گلشن پورہ میں مقابلے کی آڑ میں ظالمانہ کارروائی میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شہید نوجوانوں کی شناخت عمر فیاض لون، فیضان حامد اور عادل بشیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت 5 اگست 2019 کو صدارتی حکمنامے کے ذریعے ختم کردی تھی اور بعد میں یہ بلز راجیہ سبھا اور لوک سبھا سے بھارتی اکثریت کے ساتھ منظور کراکر قانون بنادیا تھا۔

Shares: