سیچلز:پاک بحریہ کے دو جہازوں کی سیچلز کی بندرگاہ وکٹوریہ آمد،بھرپوراستقبال کیا گیا ، اطلاعات کےمطابق پاک بحریہ کے دو بحری جہازوں اصلت اور معاون نے افریقہ کے دورے کے آخری حصے میں سیچلز کی بندرگاہ وکٹوریا کا دورہ کیا۔

پاک بحریہ کےترجمان کےمطابق جہازوں کے مشن کمانڈر نے سیچلز کی فوجی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور بحری تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔میزبان حکام نے بحری سلامتی کےلئے پاک بحریہ کی کوششوں کو سراہا۔

پاکستانی جہازوں کے مشن کمانڈر اور کمانڈ نگ افسران نے وکٹوریا میں غریب بچوں کے بہبود کے لئے قائم ایک ادارے کا دورہ کیا اور بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ دورہ دوطرفہ تعاون اور پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کی کوششوں کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے بحری جہازوں پی این ایس معاون اور پی این ایس اصلت نے افریقی خطے میں تعیناتی کے تحت تنزانیہ کی بندرگاہ دار ا لسلام کا دورہ کیا تھا۔اس دورے کو مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کو اجاگر کرنے کے لئے بھی بھر پور طور پر استعمال کیا گیا۔خیر سگالی کے طور پر پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی ٹیم نے بندرگاہ کے احاطے میںمفت میڈیکل کیمپ بھی لگایا تھا۔

اس کیمپ میں سولہ سو سے زائد مقامی مریضوں کو طبی علاج اور ادویات بھی فراہم کی گئیں، کچھ مریضوں کا پاک بحریہ کے جہاز معاون پر بھی علاج کیا گیا، جو کہ جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہے۔پاکستان نیوی کے میڈیکل کیمپ کو مقامی لوگوں نے بڑے پیمانے پر سراہا جس سے زبردست خیر سگالی کا جذبہ پیدا ہوا۔ بندر گاہ پر قیام کے دوران جہازپرا عزازی عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں تنزانین بحریہ کے سینئر افسران ، سفارتی اور معروف مقامی شخصیات سمیت مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Shares: