گجرات(نمائندہ باغی ٹی وی) تھانہ سول لائن پولیس نے اغواء کے بعد قتل ہونے والے سول انجینئرمحمد رمضان کا اندھا قتل 24گھنٹے کے اندر ٹریس کرکے خاتون قاتلہ کوساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مقتول کے والد امیر احمدسکنہ عارف والا نے تھانہ سول لائن کو اطلاع دی کہ میرا بیٹا محمد رمضان جوکہ کنسٹرکشن کمپنی میں بطور سول انجینئر کام کرتاہے اور نوکری کے سلسلہ میں گجرات مقیم تھاجس کاموبائل مورخہ21جون سے مسلسل بند جا رہاہے جس کو ہر ممکنہ جگہ پر تلاش کیا مگر کچھ پتہ نہ چل سکا مجھے شبہ ہے اُسے نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا ہے۔والد کی درخواست پر فو ری طور پرنا معلوم ملزمان کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ نمبر394/19بجرم 365ت پ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ وقوعہ کی بابت ڈی پی او گجرات سید علی محسن کو آگاہ کیا گیا۔جو ڈی پی او گجرات نے مغوی کی بازیابی اور نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی سٹی سرکل رضا حسنین، ایس ایچ او تھانہ سول لائنSIفراست چٹھہ،SIارشاد احمد،ASIفیاض احمد اور آئی ٹی ونگ کے ماہر پولیس افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی۔پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید سائنسی ٹیکنالوجی کو بروئے کا رلاتے ہوئے وقوعہ کے اصل ملزمان کو24گھنٹے کے اندر ٹریس کرکے گرفتار کر لیا۔ملزمان میں سمیرا بی بی سکنہ عارف والا 2۔شبیر احمد ولد بشیر احمد سکنہ کٹھالہ چناب شامل ہیں۔ ملزمہ سمیرا بی بی نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے ہولناک انکشافات کیے کہ میرے محمد رمضان کے ساتھ مراسم تھے اور میں اس کے ساتھ شادی کرنا چاہتی تھی جس سے وہ مسلسل انکاری تھااس رنج کی بناء پرمیں نے اپنے ساتھی ملزم مسمی شبیر احمد کے ساتھ مل کر محمد رمضان کے قتل کا منصوبہ بنایا اور باقاعدہ منصوبہ بندی کے بعد میں نے محمدرمضان کو کال کر کے گھر بلایااور جوس میں نشہ آور گولیاں ملا کر اسے پلا دیا جس سے وہ بے ہوش ہو گیااس کے بعد اسے کنپٹی پر پسٹل سے فائر مارا جس سے مقتول تڑپنے لگا اور اس کی جان نہ نکل رہی تھی جس پر میں نے اس کے گلے پر خنجرچلا کر اس کا گلا کاٹ دیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ بعد ازاں اپنا جرم چھپانے کیلئے میں نے اپنے ساتھی ملزم شبیر احمد کے ساتھ مل کر گھر کے ڈرائینگ روم میں گڑا کھود کرنعش دفنا دی اور بعد میں فرش پر ٹائلیں لگا کر فرش برابر کر دیا۔جبکہ ساتھی ملزم شبیر احمد نے انکشاف کیا کہ وہ سمیرا بی بی سے شادی کرنا چاہتا تھا اور مقتول شادی میں رکاوٹ تھا۔اپنے مقصد کے حصول کیلئے میں نے سمیرا بی بی کا ساتھ دیا اور وقوعہ کے بعد ہمارابیرون ملک ترکی فرار ہوکر وہاں جا کر شادی کا منصوبہ تھا۔ملزمان کے انکشاف پر سمیرا بی بی کے گھر سے مقتول کی نعش،آلہ قتل پسٹل 30بور،نشہ آور گولیاں،خنجراور مقتول کا موٹرسائیکل بھی برآمد کر لیا گیاملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ڈی پی او گجرات سید علی محسن نے اندھے قتل کو ٹریس کرنے والی پولیس ٹیم کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔

Shares: