ٹرمپ نے ایران کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکی دے دی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو بہت بڑی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے مفادات کو نقصان پہنچایا تو اسے صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ ایرانی صدر قوم کا پیسہ دہشت گردی کے فروغ پر صرف کر رہے ہیں اور یہ صرف طاقت کی زبان جانتے ہیں۔
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق، ٹویٹر پر پوسٹ کردہ متعدد ٹویٹس میں صدرٹرمپ نے کہا کہ خطے میں ہمارے مفادات کو نقصان پہنچانا ایران کو مہنگا پڑے گا اور تہران کو اس کی بھاری قیمت چکانا ہو گی۔قبل ازیں، تہران نے کہا تھا کہ امریکی پابندیوں کے باعث سفارتی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔انہوں نے وائٹ ہاوس کے طرز عمل کو احمقانہ بھی قراردیا۔اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی لیڈروں کے بیانات شدید جہالت اور توہین پرمبنی ہیں۔ ان کے بیانات سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ حقائق سےواقف نہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے مفادات پرحملہ ایران کو صفحہ ہستی سے مٹا سکتا ہے۔
دوسری جانب امریکی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن نے کہا ہے کہ ایران اپنے جوہری اور بیلسٹک میزائلوں کی وجہ سے پورے خطے کی سلامتی کےلیے خطرہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت کے دروازے تاحا ل کھلے ہیں۔