لاہور:ایک ہی خاندان کے افراد ہیں ،چودھری برادران اورایم کیوایم کہیں نہیں جارہے،اطلاعات کےمطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) اور متحدہ قومی موومنٹ حکومت کے اتحاد کا حصہ رہیں گی۔مسئلہ کشمیر پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کشمیر کی جدوجہد آزادی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کو لال حویلی سے ریلی نکالنے کا اعلان کیا۔

ذرائع کےمطابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کریں گے۔انہوں نےکہا کہ مجھے چوہدری برادران کا بیان سن کر حیرت ہوئی۔ ابھی میں کراچی سرکلر ریلوے کے معاملے کو دیکھنے کے لئے کراچی جارہا ہوں۔ جب میں وہاں سے واپس آؤں گا تو میں چوہدری برادران سے ملاقات کروں گا .

انہوں نے مزید کہا کہ” وہ کہیں نہیں جارہے ” ۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ اس وقت حکومت کی واحد مخالف مہنگائی ہے۔انہوں نے کہا، "میں نے یہ بات وزیر اعظم سے بھی کی ہے کہ اس وقت کوئی اورنہیں صرف مہنگائی ہماری اپوزیشن ہے اورہم عمران خان کی قیادت میں اس کا خاتمہ کریں گے۔

ریلوے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے اعلان کیا کہ گوجرانوالہ سے لاہور کے درمیان شٹل ٹرین سروس 15 فروری سے شروع ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سرکلر ریلوے کے لئے عدالت کے حکم پر عمل پیرا ہیں۔ ہم نے اس شعبہ کی ترقی کے لئے بہت محنت کی ہے۔ سپریم کورٹ میں پیش کردہ آڈٹ رپورٹ ہماری نہیں تھی، ہماری رپورٹ ختم ہونے کے بعد آپ ہم پر تنقید یا تعریف کر سکتے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ، ” نواز شریف نہیں آئیں گے ، مریم نواز نہیں جائیں گی لیکن شہباز شریف آسکتے ہیں ۔”

Shares: