پنجاب کی ہر تحصیل کا دورہ کروں گا، وزیراعلیٰ کے اعلان سے افسران میں کھلبلی مچ گئی

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار لیہ پہنچ گئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت سرکٹ ہاؤس لیہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا

اجلاس میں امن عامہ کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ضلع لیہ کے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی گئی

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ضلع لیہ میں مفاد عامہ کی 2284 سکیموں پر کام جاری ہے۔ ان ترقیاتی منصوبوں پر 18 ارب 77 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ ترقی کے دائرے میں شامل کرکے لیہ کو اس کا حق لوٹائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔میں پنجاب کے ہر ضلع اور تحصیل کا دورہ کر رہا ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لیتا ہوں۔ سابق حکومت نے لیہ کے عوام کو بھی زبانی جمع خرچ سے بہلایا۔ سابق حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کرکے لیہ کے عوام کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا۔ ہمارے دور میں لیہ کی محرومیاں دور ہوں گی۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی نیاز احمد جھکڑ، اراکین صوبائی اسمبلی رفاقت علی، طاہر رندھاوا، شہاب الدین سہیڑ، ملک احمد علی اولکھ، کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن، آر پی او ڈیرہ غازی خان، ڈپٹی کمشنر و ڈی پی او لیہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی.

Shares: