اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارت میں پاکستان سے متعلق بیان پر وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 100 سفیر کئی سال کوشش کرتے توبھی اتنی سفارتی کامیابی نہ ملتی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی و سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے جس کے مطابق کامیاب خارجہ پالیسی اور مہنگائی روکنے کے اقدامات پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھارت آمد پر کابینہ میں طویل بات چیت ہوئی، کابینہ میں وزراء نے کہا کہ امریکی صدر نے بھارت میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور امریکی صدر کا پاکستان کی تعریف کرنا خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔کابینہ ارکان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی کاوشوں سے مودی کو ناکامی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ100 سفیر کئی سال کوشش کرتے توبھی اتنی سفارتی کامیابی نہ ملتی۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کابینہ ارکان کو سنایا اور ہدایت کی کہ بجلی کی قیمتیں کسی صورت نہیں بڑھنی چاہئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ بھارت کے دوران تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ’امریکی حکومت پاکستان کے ساتھ مثبت انداز میں کام کررہی ہے، پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں‘۔








