پاکستان میں غیر ملکی کھلاڑی خود کو کیسا محسوس کرتے ہیں ، دل کھول کر بتادیا
باغی ٹی وی :پاکستان میں پی ایس ایل نے جہاں پاکستان کے امیچ کو مثببت طور پر پیش کیا ہے وہاں سیکیورٹی اور امن و امان کے حوالے سے صورت حال بھی بہتر ہوئی ہے. اسی سلسے میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے لیے لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل آسٹریلوی بلے باز کرس لین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایک ہفتے کے قیام کے دوران بہت لطف اندوز ہوا ہوں اور کسی بھی موقع پر خود کو غیر محفوظ تصور نہیں کیا۔
لاہور قلندر کے آسٹریلیا سے تعلق ر کھنے والے کرس لین دھواں دھار بیٹنگ کے لیے مشہور ہیں، کرس لین نے ملتان سلطانز کے خلاف پہلے میچ میں تو 19 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے جبکہ دوسرے میچ میں وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف صرف 11 رنز ہی بنا سکے۔کرس لین نے کہا کہ انہیں پاکستان آئے ہوئے ایک ہفتہ ہو گیا ہے، اس ایک ہفتے میں بہت لطف اندوز ہوا ہوں، دو مرتبہ گولف بھی کھیلنے گیا اور دو میچوں میں ہی شکست ہوئی لیکن لیگ میں ایسا ہو جاتا ہے، ہمیں اس وقت ایک جیت کی تلاش ہے تاکہ ہم فتح کے راستے پر آسکیں۔
کرس لین کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان پہلی مرتبہ آئے ہیں، اس لیے انہیں اندازہ نہیں تھا کہ انہیں کیا توقعات رکھنی چاہئیں لیکن یہاں اپنے بہت فینز دیکھے، ان کے ساتھ ملنا اور ان کا جوش دیکھ کر اچھا لگا، امید ہے کہ ان کی موجودگی میں مزید رنز کروں گا اور چھکے بھی ماروں گا، اس کی مجھے ضرورت بھی ہے۔
ڈیوڈ ملان دو سیزن پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم میں انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے منتخب ہوئے تھے۔وہ کہتے ہیں کہ اس لیگ میں مقابلے کا معیار بہت اعلٰی ہے اور یہاں اوسط کرکٹر کی کوئی بقاء نہیں، اگر ایک کھلاڑی خود کو بہتر نہیں کرپاتا تو وہ اس لیگ میں ٹک نہیں سکتا۔
32 سالہ ملان اس سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کررہے ہیں۔ جمعرات کی شام انہوں نے کراچی میں پاکستان سپر لیگ میں پیش کیا جانے والا پاکستانی کلچر دیکھا جس کو خوب انجوائے بھی کیا۔ ملان کہتے ہیں کہ پاکستان سپر لیگ کا مکمل پاکستان میں ہونا کافی خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ گزشتہ کئی سالوں سے ٹاپ لیول کرکٹ سے محروم تھے، ان کا جوش اور ان کا جذبہ دیکھ کر اس لیگ کا مکمل پاکستان میں ہونا ان فینز کا حق تھا، خوشی کی بات ہے کہ دنیا کے سارے ٹاپ کرکٹرز نے پی ایس ایل میں شرکت اور پاکستان آنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ اس دفعہ پی ایس ایل کے تمام مقابلے پاکستان کے اندر ہورہے ہیں اور انٹر نیشنل کھلاڑی بھی پہلے سے زیادہ تعداد میں پی ایس ایل کا حصہ ہیں.








