لاہور:پنجاب یونیورسٹی میدان جنگ بن گئی طلبا کی لڑائی میں گارڈز بھی زخمی ہوگئے ، پولیس نے کنٹرول سنبھال لیا ،اطلاعات کےمطابق پنجاب یونیورسٹی میں دو طلبا تنظیموں کے درمیان جھگڑے میں کئی طالب علم اور گارڈز زخمی ہو گئے۔
پنجاب یونیورسٹی ذرائع کے مطابق جھگڑا یونیورسٹی کے شعبہ جینڈر اسٹڈیز میں ہوا تاہم تصادم کی وجہ کا تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ جھگڑے میں 4 طلبا اور یونیورسٹی کے 6 گارڈز زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔طلبا تنظیموں میں جھگڑے کے بعد پولیس کی بھاری نفری یونیورسٹی پہنچ گئی جب کہ ترجمان پنجاب یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ حالات اب کنٹرول میں ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی پنجاب یونیورسٹی میں طلبا تنظیموں کے درمیان کئی لڑائیاں ہوچکی ہیں ، اس سلسلے میں جرائم میں ملوث طلبا کوسزائیں بھی دی گئیں اورآئندہ یونیورسٹی میں کسی قسم کی سیاسی ، مذہبی یا لسانی بنیاد پرلڑائی جھگڑے کے خاتمے کے لیے اقدامات بھی کیے گئے تھے








