امن معاہدے کیلئے پاکستان کا کردار سنہری حروف میں لکھنے کےلائق ہے،فردوس عاشق اعوان

باغی ٹی وی :امریکہ افغان امن معاہدے پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ افغان امن معاہدہ عمران خان کے نظریئے کی تائید ہے، افغانستان میں امن پورے خطے کے استحکام کے لئے ضروری ہے۔ امن معاہدے کیلئے پاکستان کا کردار سنہری حروف میں لکھنے کےلائق ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹر بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے ہمیشہ یہی کہا کہ جنگ نہیں، ڈائیلاگ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ افغان امن معاہدہ دراصل عمران خان کے نظریے کی تائید ہے جس کا اظہار وہ افغان جنگ کے آغاز سے کرتے آرہے ہیں۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز طالبان اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے لیے دو سال سے جاری مذاکرات کے بعد امن معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ امریکہ کی جانب سے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور طالبان کی جانب سے ملا عبدالغنی برادر نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت امریکہ پہلے مرحلے میں ساڑھے چار ہزار فوجی افغانستان سے نکالے گا اور ساڑھے 8 ہزار فوجیوں کا انخلا معاہدے پر مرحلہ وار عملدرآمد سے مشروط ہے۔دوحہ امن معاہدے سے نہ صرف امریکا اور طالبان کے درمیان انیس سالہ جنگ کا خاتمہ ہوگا بلکہ پاکستان سمیت خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوگی۔

دوحہ معاہدے کے تحت افغانستان میں مکمل جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے گا، معاہدے کے فالو اپ میں طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مستقل قیام امن کے لیے مذاکرات ہوں گے۔

امریکا اور طالبان کے درمیان 2018 سے جاری مذاکرات کے کئی کامباب اور ناکام ادوار ہوئے، ان مذاکرات کے نتیجے اور طرفین کی طرف سے امن کی خواہش کے نتیجے میں دوحہ میں افغان امن معاہدے پر امریکا اور طالبان کے دستخط در اصل معاہدے کے سہولت کار پاکستان کے بیانیے کی فتح ہے جس میں پاکستان کہہ چکا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

Shares: