پاک افغان سرحد کو آج سے بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر

0
31

پاک افغان سرحد کو آج سے بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر

باغی ٹی وی :کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پاک افغان سرحد کو آج سے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کسٹم حکام کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ایک ہفتے کے لیے پاک افغان سرحد باب دوستی سے ہر قسم کی آمدورفت معطل رکھنے کا فیصلہ وزارت داخلہ اور وزارت تجارت نے مشترکہ طور پر کیا۔کسٹم حکام نے تمام تاجر، گڈز ٹرانسپورٹرز، مال بردار گاڑیاں کسٹم ہاؤس اور دیگر یارڈ منتقل کرنے کی ہدایت کر دی۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے باب دوستی پر ویزا پاسپورٹ پر بھی آمدورفت معطل رکھنے کا اعلان کر دیا جبکہ دوطرفہ پیدل آمدورفت اور تجارتی سرگرمیاں بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔محکمہ صحت کے مطابق باب دوستی کی بندش کے بعد پاک افغان سرحد پر اسکریننگ بھی ایک ہفتے کے لیے بند رہے گی تاہم اسکریننگ ٹیمیں باب دوستی پر بدستور موجود ہوں گی۔

پاک افغان سرحد پر کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے محکمہ صحت نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر اب تک کورونا وائرس کا کوئی مریض نہیں پایا گیا ہے تاہم باب دوستی کی 7 دن کے لیے بندش کورونا وائرس کی افغانستان سے آمد روکنے کی کے لیے کی گئی ہے۔ادھر تفتان میں پاکستان ایران بارڈر کو عارضی طور پر کھولا گیا، اجازت ملنے پر سرحد پار پھنسے مزید 709 زائرین اور تاجر وطن داخل ہو گئے جنہیں پاکستان ہاؤس میں قائم قرنطینہ منتقل کر دیا گیا، ڈی ایچ او چاغی کا کہنا ہے اب تک ایران سے آئے کسی پاکستانی میں کرونا کی تصدیق نہیں ہوئی، پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق تمام لوگوں کو ماسک، خیمے، کمبل اور دیگر اشیاء فراہم کی گئی ہیں۔

موذی وائرس کے خطرات سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی کے دو ہسپتالوں کو کرونا کے مریضوں کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد اور کڈنی سینٹر راولپنڈی کو کرونا ٹریٹمنٹ سینٹر بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔

Leave a reply