پی ایس ایل کے انعقاد میں کیا کیا مشکلات درپیش تھیں، چیئرمین کرکٹ بورڈ نے بتایا
باغی ٹی وی :پاکستان میں کھیل کی واپسی اور پی ایس ایل کے بارے احسان مانی چیئرمین کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ اس کا انعقاد کس طرح سے ہوا. پاکستان کرکٹ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا انعقاد پاکستان میں کرانا ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے چھوٹے چھوٹے قدموں سے پی ایس ایل کا پوری طرح انعقاد پاکستان میں کرایا ہے۔اس ضمن میں ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے چیلنج تھا کیونکہ پاکستان میں دس سال سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہو رہی تھی۔

احسان مانی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان سپر لیگ کو پوری طرح پاکستان میں لایا گیا، ہماری کوشش ہے کہ اگلے سال پشاور میں بھی پی ایس ایل کے میچز کھیلے جائیں۔احسان مانی کا کہنا تھا کہ صرف کرکٹ ہی نہیں بلکہ پاکستان میں دیگراسپورٹس کے لیے بھی کام کرنا ہوگا۔

ایشیاء کپ ٹورنامنٹ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ بھارت یا پاکستان کا نہیں بلکہ تمام ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران کا معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشیاکپ کی میٹنگ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک مہینے کے لیے تاخیر کا شکار ہوگئی ہے، اگر بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز ہوتی تو میں ضرور زور دیتا کہ بھارت پاکستان میں آ کر کھیلے.
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی آمد سے دنیا کو ایک واضح پیغام پہنچا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کے انعقاد کے لیے ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو مزید مؤثر ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی میں شفافیت اور احتساب کے عمل کو فروغ دینے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھایں گے۔ احسان مانی نے کہا کہ ہمیں بہترین نتائج دینے کے لیے کارکردگی میں تسلسل لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے خوش آئند بات یہ ہے کہ نوجوان قومی کرکٹرز بہت باصلاحیت ہیں اور یہی ہمارے مستقبل کا روشن اثاثہ ہیں۔

Shares: