تیار ہے تیار ہے کراچی ایچ بی ایل پی ایس ایل2020 کے اہم میچوں کے لیے تیار ہے،کروناوائرس کے پیش نظرہدایات بھی جاری

0
42

لاہور:تیار ہے تیار ہے کراچی ایچ بی ایل پی ایس ایل2020 کے اہم میچوں کے لیے تیار ہے ،باغی ٹی وی کےمطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کا 26واں میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندز کے مابین کھیلا جائے گا۔ 12 مارچ بروز جمعرات کو شیڈول یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم ہے۔میچ میں فتح، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز دونوں ٹیموں کے لیے اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات روشن کردے گی۔

دونوں ٹیمیں اس سے قبل 8 مارچ بروز اتوار کوقذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں تھیں، جہاں میزبان ٹیم نے بین ڈنک کی برق رفتار اننگز کی بدولت 188 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔

کراچی کنگز کے خلاف پہلے لیگ میچ میں کامیابی کے بعد پشاور زلمی کو شکست دینے والی لاہور قلندرز کی ٹیم فی الحال 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔ دوسری طرف کراچی کنگز 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے تاہم میزبان ٹیم کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر ابھی مزید تین میچز کھیلنے ہیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں جہاں کراچی کنگز تیسری مرتبہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایکشن میں نظر آئے گی تو یہ لاہور قلندرز کا کراچی کے میدان پر پہلا مقابلہ ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئےدومیچوں میں کراچی کنگز کو ایک میں شکست اور ایک میں کامیابی حاصل ہوئی۔ ایونٹ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے تھے۔ جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز ہی بناسکی۔

پہلے میچ میں دس رنز سے کامیابی حاصل کرنے والی کراچی کنگز کی ٹیم کوکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں 5وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایونٹ کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 9وکٹوں کےنقصان پر 156 رنزبنائے۔ حریف ٹیم نے مطلوبہ ہدف 6 گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔

دوسری طرف ایونٹ کے پہلے تین میچوں میں شکست کھانے والی لاہور قلندز کی ٹیم نےایونٹ میں شاندار واپسی کی ہے۔ پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پھر کراچی کنگز اور آخرمیں پشاور زلمی کو شکست دینے والی لاہور قلندرز کی ٹیم نے مسلسل تین فتوحات سمیٹ کر ایونٹ میں مجموعی طور پر آٹھ میچوں میں چار کامیابیاں حاصل کرلی ہیں۔

لاہور قلندرز کی شاندار واپسی میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے بین ڈنک نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ کراچی کنگز کے خلاف پہلے لیگ میچ میں 40 گیندوں پر 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر فتح دلانے والے بین ڈنک اب تک ایونٹ میں مجموعی طور پر 6 میچوں میں 257 رنز بناچکے ہیں۔

لاہور قلندرز کی ٹیم کراچی کنگز کے خلاف میچ میں بین ڈنک کے علاوہ فخر زمان، کرس لیِن اور سہیل اختر کی بلے بازی پر انحصار کرے گی۔ باؤلنگ میں مہمان ٹیم کو شاہین شاہ آفریدی اور سمت پٹیل کا ساتھ میسر ہوگا۔ شاہین شاہ آفریدی اب تک ایونٹ میں 11 اور سمت پٹیل 9 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

دوسری طرف ایلکس ہیلز اور بابراعظم کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن اپ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ایلکس ہیلز 239 رنز بناکر ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چھٹے اور بابراعظم 225 رنز کے ساتھ نویں نمبر پر موجود ہیں۔ کراچی کنگز کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں چیڈوک والٹن کا نمبر تیسرا ہے۔

محمد عامر ایونٹ میں 10، کرس جارڈن 7 جبکہ عماد وسیم اور عمر خان 4،4 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ چاروں باؤلرز ایونٹ میں کراچی کنگز کی باؤلنگ لائن اپ کے مؤثر ہتھیار ہیں۔

روایتی حریفوں کے درمیان ٹاکرے کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم 14 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور 15 مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میدان میں اترے گی۔ اس دوران پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں 13 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

اہم لیگ میچوں کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی 17 مارچ کو ایک کوالیفائر کی میزبانی بھی کرے گا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول میچوں کے لیے ٹکٹوں کی فروخت تیزی سے جاری ہے۔ ایونٹ کے لیے ٹکٹیں ٹی سی ایس کےمخصوص سنٹرزسمیت آن لائن ذرائع سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔

اس دوران نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا رخ کرنے والے تماشائیوں کے لیے کمشنر آفس کراچی کی جانب سےجاری کردہ ایڈوائزری مندجہ ذیل ہے:

• صابن سے ہاتھ دھوئیں،کھانسی یا چھینک کے بعد سینیٹائزر کا استعمال کریں، کھانے سے پہلے، بعد میں اور ٹائلٹ کے استعمال کے بعد صابن کا استعمال کریں
• چھینکتے وقت ٹشو پیپر یا رومال کا استعمال کریں
• استعمال کے بعد ٹشو پیپر یا رومال کو کوڑا دان میں ضرور ڈالیں
• نزلہ اور زکام کی علامات کے دوران اسٹیڈیم آنے سے اجتناب کریں
• ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے لگنےسے اجتناب کریں
• کھانسی اور بخار میں مبتلاافراد سے رابطہ محدود رکھیں
• غیرضروری طور پر کرسیوں/اسٹیل بار زاورریلینگز کو ہاتھ لگانے سے اجتناب کریں
• اسٹیڈیم میں تھوکنے، پانی ، خوراک اور خالی بوتلیں پھینکنےسے اجتناب کریں

کراچی میں شیڈول آئندہ میچز:

12 مارچ: کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرزبوقت شام 7 بجے
13 مارچ: پشاور زلمی بمقابلہ ملتان سلطانزبوقت رات 8 بجے
14 مارچ: کراچی کنگز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈبوقت شام 7 بجے
15 مارچ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرزبمقابلہ کراچی کنگز بوقت شام 7 بجے
17 مارچ: کوالیفائر(ون بمقابلہ ٹو) بوقت شام 7 بجے fjfjfjfiriie

Leave a reply