اسلام آباد :سپیشل بچے نعمت ہیں، فیاض الحسن چوہان مستعفی ہوں، ٹوئیٹر پر ٹرینڈ بن گیا،باغی ٹی وی کےمطابق خصوصی بچوں کے حوالے سے فیاض الحسن چوہان کے متنازعہ بیان پر معافی کے باوجود سوشل میڈیا صارفین غصے میں ہیں، ٹوئیٹر پر سپیشل کڈز آر بلیسنگ ٹاپ ٹرینڈ میں آگیا۔ سماجی صارفین نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ فیاض الحسن چوہان سے وزارت واپس لی جائے۔
سماجی صارفین نے کہا کہ بدقسمتی سے خصوصی ضروریات رکھنے والے اور معذور بچے پاکستانی معاشرے کے سب سے زیادہ دیوار سے لگائے گئے طبقات میں شامل ہیں۔ نہ یہ کسی کو دکھائی دیتے ہیں، نہ ان کی کوئی پہچان ہے، اور نہ انہیں کوئی یاد رکھتا ہے۔
ایک صارف نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ یہ صرف فیاض الحسن چوہان کی سوچ نہیں خصوصی بچوں سے متعلق لوگوں کے رویے اکثر بے توجہی، اور ذہن میں دبی بے بنیاد من گھڑت باتوں پر مبنی ہوتے ہیں۔ کئی گھرانوں کے لیے دوسرے لوگوں کے ردِ عمل سہنا اتنا مشکل ہو جاتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دنیا کے سامنے لانے سے ڈرتے ہیں۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ معاشرہ جب تک خصوصی بچوں کو برابری کی سطح پر نہیں دیکھتا، نہیں سوچتا تواس وقت تک ان خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور تعلیم وتربیت میں مشکلات کا سامنا رہے گا اور یہ بات طے ہے کہ معاشرتی رویے، انسانی زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔








